بھارتی اداکارہ و ماڈل اروشی روٹیلا کو سیف علی خان پر حملے کے حوالے سے دیے گئے غیر حساس بیان پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے سیف پر حملے کی مذمت تو کی، لیکن ساتھ ہی اپنے قیمتی زیورات کی نمائش بھی کی اور سیف کے بارے میں بات کرتے کرتے اپنی مہنگی ہیرے کی گھڑی اور انگوٹھیوں سے متعلق بات شروع کردی، اس انٹرویو کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے اداکارہ کے اس رویے کو نامناسب اور بے حسی قرار دے دیا۔
اروشی نے بعد ازاں ایک بیان جاری کرتے ہوئے اپنے الفاظ پر معافی مانگی اور کہا کہ وہ صورتحال کی سنگینی کو ابتدا میں نہیں سمجھ سکیں۔ انہوں نے کہا، ’سیف علی خان صاحب، میں اپنی لاعلمی اور غیر حساسیت پر شرمندہ ہوں۔ اب جب مجھے آپ کے کیس کی شدت کا اندازہ ہوا ہے، میں دل سے معذرت خواہ ہوں اور اپنی حمایت پیش کرتی ہوں۔‘
یاد رہے کہ سیف علی خان پر جمعرات کی صبح ایک شخص نے ان کے گھر میں گھس کر حملہ کیا تھا، جس میں ان کی گردن اور ریڑھ کی ہڈی کے قریب چوٹیں آئیں۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ کئی سرجریوں کے بعد اب خطرے سے باہر ہیں۔