پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ایک ہفتے کے دوران جدید ڈیوائس کے ذریعے 75 بچوں کے دل کے سوراخ کے کامیاب آپریشنز کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق یہ اقدامات پاکستان چائلڈ ہارٹ فاؤنڈیشن کے تعاون سے کیے گئے، جس میں مصر، نیدرلینڈز اور قطر سے بچوں کے امراضِ قلب کے ماہرین نے بھی شرکت کی۔
ڈین پی آئی سی، پروفیسر ڈاکٹر شاہکار احمد شاہ، اور بچوں کے امراضِ قلب کے سربراہ، پروفیسر ڈاکٹر اعجاز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چائلڈ ہارٹ فاؤنڈیشن کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر شاہکار نے کہا کہ یہ پی آئی سی کے لیے اعزاز ہے کہ عالمی ماہرین نے ہمارے ادارے پر اعتماد کیا اور بڑی تعداد میں کامیاب کیسز مکمل کیے۔
پی آئی سی خیبرپختونخوا اور پاکستان کا قابلِ فخر ادارہ ہے جو اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر اعجاز نے کہا کہ پی آئی سی بچوں کے امراضِ قلب کے شعبے میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کر رہا ہے، 2024 میں 800 سے زائد بچوں کے دل کے سوراخ ڈیوائس کے ذریعے بند کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی سی ان والدین کے لیے امید کی کرن ہے جو اپنے بچوں کے مہنگے علاج کے لیے بیرون ملک جانے پر مجبور تھے۔
بیرونِ ملک سے آئے ماہرین نے پی آئی سی میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور ماہر ڈاکٹروں کی کارکردگی کو سراہا۔
پاکستان چائلڈ ہارٹ فاؤنڈیشن کے سی ای او فرحان احمد نے بھی پی آئی سی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری دل کے امراض میں مبتلا بچوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔