پاکستان بحریہ کے بادبانی تربیتی جہاز راہ نورد نے خلیج عمان میں اطالوی بحریہ کے بادبانی جہاز امریگو ویسپوچی (AMERIGO VESPUCCI) کے ساتھ مشترکہ سیلنگ آپریشن کیا۔ پاک بحریہ کا جہاز راہ نورد پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس کی تربیت اور عمان کےخیر سگالی دورے کے سلسلے میں بیرون ملک تعیناتی پر ہے۔
اطالوی بحریہ کے جہاز AMERIGO VESPUCCI کے ساتھ کی گئی اس مشترکہ مشق کا مقصد کیڈٹس کو جوائنٹ سیلنگ آپریشنز میں تربیت کا موقع فراہم کرنا تھا۔ بین الاقوامی سیلنگ ریگاٹا کے علاوہ، بادبانی جہازوں کی اس طرح کی مشقیں بہت کم دیکھنے کو ملتی ہیں۔ پاک بحریہ اور اطالوی بحریہ کے دونوں بادبانی جہازوں کے مابین ان مشقوں کی منصوبہ بندی اور انعقاد، دونوں بحری افواج کے درمیان اعلیٰ سطحی ہم آہنگی کا مظہر ہے۔
اطالوی بحریہ کے جہاز کے ساتھ مشترکہ جہازرانی نے کیڈٹس کو سیکھنے کا ایک نادر موقع فراہم کیا ہے۔ یہ مشترکہ مشق عالمی بحری افواج کے ساتھ باہمی اور مسلسل تعاون کو بڑھانے کے لیے پاک بحریہ کی عملی کوششوں کی مظہر ہے۔