پاکستان کی پہلی سندھی فیچر فلم ’’سندھو جی گونج‘‘ کا پریمیئر 21 جنوری کو جے پور فلم فیسٹیول میں کیا جائے گا۔
راہول اعجاز کی ہدایت کاری میں بننے والی سندھی فلم ’’سندھو جی گونج‘‘ کی کہانی دریائے سندھ اور اس کے گرد بسے لوگوں کی زندگی پر مبنی ہے۔
جے پور فلم فیسٹیول میں فلم کے پریمیئر کو پاکستان فلم انڈسٹری کےلیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا جارہا ہے۔ یہ فیچر فلم 1997 میں سینما گھروں میں آخری بار ریلیز ہونے والی سندھی فلم ’’ہمت‘‘ کے بعد پہلی سندھی فیچر فلم ہے۔
یہ فلم تین بین الاقوامی فلم اسٹوڈیوز کے اشتراک سے بنائی گئی ہے، جس میں پاکستان، جنوبی کوریا اور بنگلہ دیش کی پروڈکشن اسٹوڈیوز نے حصہ لیا۔ پاکستان کے معروف اداکار شمعون عباسی اس فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔
یاد رہے کہ مذکورہ فلم کا ورلڈ پریمیئر کراچی میں 16 جنوری 2025 کو سینی پیکس سینماز اوشین مال میں ہوچکا ہے۔ تاہم پاکستان کے دیگر سینما گھروں میں اس کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا ہے۔
’’سندھو جی گونج‘‘ کو جے پور فلم فیسٹیول میں 21 جنوری نمائش کےلیے پیش کیا جائے گا۔ فلمی شائقین پاکستان کے سینما گھروں میں اس فلم کی نمائش کے منتظر ہیں۔