روس کیلیے یوکرین کیخلاف لڑتے ہوئے 12 بھارتی ہلاک اور 16 لاپتا؛ مودی سرکار کی تصدیق

یوکرین کے ساتھ جنگ میں روس نے 126 بھارتی شہریوں کو اپنی فوج میں بھرتی کیا


ویب ڈیسک January 19, 2025
بھارتیوں کو ملازمتوں کو بہانے روسی فوج میں بھرتی کیا گیا

بھارتی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ روس اور یوکرین جنگ کے درمیان 12 بھارتی شہری ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ 126 بھارتیوں کو روسی فوج میں بھرتی کیا گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جن میں سے 96 بھارتی واپس وطن لوٹ چکے ہیں تاہم اب تک 12 بھارتی فوجی روس کی طرف سے لڑتے ہوئے مارے گئے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ روس کی طرف سے لڑنے والے 16 دیگر بھارتی تاحال لاپتا ہیں۔ روسی حکومت کو بھی ان کا علم نہیں۔

ترجمان بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ 2 بھارتی شہری اب بھی روسی فوج کا حصہ ہیں اور یوکرین کے خلاف جنگ میں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل بھارتی اخبارات میں شائع ہونے والی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ زیادہ تر بھارتیوں کو بہانے یا جبری طور جنگ میں دھکیلا گیا۔

ان رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ان بھارتیوں کو روسی فوج میں مالی، باورچی یا دیگر سول کاموں کے لیے ملازمت دی گئی تھی۔

تاہم یوکرین جنگ شروع ہوتے ہی ان بھارتیوں کو بھی میدان جنگ میں زبردستی بھیجا گیا تھا۔

علاوہ ازیں کچھ بھارتیوں کو ٹریول ایجنٹس نے مزدوری اور دیگر ملازمتوں کے بہانے روس بھیجا جہاں انھیں فوج میں بھرتی کیا گیا تھا۔

تاہم بھارتی وزارت خارجہ نے اس حوالے سے کی گئی تحقیقات کے بارے میں اب تک کچھ نہیں بتایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں