سیکیورٹی فورسز نے ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کرنے والے 5 خارجی دہشت گردوں کوہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 18اور19 جنوری کی رات خوارج کے ایک گروپ نے پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے ژوب کے علاقہ سمبازہ سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
آئی ایس پی آرکے مطابق سیکورٹی فورسزکی مئوثر کارروائی کے نتیجے میں 5 خوارج جہنم میں بھیج دیے گئے، پاکستان عبوری افغان حکومت سے مسلسل کہتا آرہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، افغان حکومت خوارج کوپاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے۔
اس میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع ژوب میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی۔
اپنے ایک بیان میں نے 5 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی بہادر افواج سرحدوں کی حفاظت کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔