لاہور:
حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور تحریری مطالبات پر غور کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف لاہور میں قیام کے دوران جاتی امرا رائیونڈ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی شرکت کی۔
حکمران جماعت کے ذرائع نے بتایا کہ تینوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور پی ٹی آئی سے ہونے والے سیاسی مذاکرات بھی زیرغور آئے۔
اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات کے جواب پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات 2 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی اور اس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف واپس ماڈل ٹاؤن روانہ ہوگئے۔
بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات میں اہم سیاسی و قومی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال ہوا اور وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو ملک کی سیاسی اور معاشی صورت حال سے آگاہ کیا اور اہم امور پر مشاورت کی۔
ملاقات کے حوالے سے بتایا گیا کہ قیادت کے درمیان گفتگو کے دوران ملک کی معاشی بدحالی دور کرنے کے لیے حکومت کی کوششیں رنگ لائی ہیں اور مہنگائی کے گراف میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔