دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں میں شامل ونود کامبلے کی زندگی پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ونود کامبلے کی 18 جنوری 2025 کو منائی جانے والی 53ویں سالگرہ کے موقع پر اُن کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ونود کامبلے کی موجودہ زندگی، بیماری اور حالات کو فلم میں فوکس کیا جائے گا اس کے علاوہ اُن کے کرکٹ کیریئر کی جدوجہد پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔
فلم کے پروڈیسر روی بھگ چاندکا ہیں جو پہلے ہی سچن ٹنڈولکر کی زندگی پر فلم بنا چکے ہیں۔
بالی ووڈ ہنگامہ کی رپورٹس کے مطابق معروف مراٹھی اور ہندی فلمساز ابھیجیت دیشپانڈے فلم میں ہدایت کاری کے فرائض انجام دیں گے۔
فلم کا مرکزی موضوع کامبلی کے ہندوستانی کرکٹ میں عروج اور ان کے زوال، ایک کرکٹر کے طور پر ان کے سفر اور ہندوستانی کرکٹ میں ان کے تعاون پر روشنی ڈالی جائے گی۔
کامبلے کا کرکٹ میں شاندار کیریئر رکھتے تو ہیں مگر میدان سے باہر کے تنازعات اور ذاتی چیلنجوں کی وجہ سے اُن کا کرکٹ سفر متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں وہ کرکٹ سے جلد باہر ہو گئے۔
اس پروجیکٹ سے جڑے ایک شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’ونود کامبلے کی بائیو پک پر کافی سالوں سے کام جاری ہے اور اس کے رائٹس پانچ سال پہلے حاصل کیے گئے تھے‘۔
انہوں نے بتایا کہ کرکٹر کی زندگی میں حالیہ پیش رفت کے ساتھ، یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کہانی ان کے سفر کے مختلف مراحل کو کس طرح پیش کرتی ہے، تاہم، یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ بائیوپک سیریز یا فلم کس صورت میں ریلیز کی جائے گی۔
واضح رہے کہ 53 سالہ بھارتی کرکٹر معاشی حالات اور صحت کے مسائل سے دوچار ہیں جس کی وجہ سے اُن کو دماغی امراض بھی لاحق ہوگئے ہیں۔