کراچی:
شہر قائد میں یخ بستہ ہوائیں تھمنے سے سردی کی شدت میں معمولی کمی آگئی جس کے سبب شہر کا کم سے پارہ گزشتہ روز کے مقابلے میں مزید ایک ڈگری بڑھ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب سے بلوچستان میں داخل ہونے والے نئے سلسلے کی وجہ سے کراچی میں داخل ہونے والی ہوائیں تھم گئیں، مغربی سلسلے کی ملک کے بالائی علاقوں کی جانب منتقلی کے بعد یخ بستہ ہوائیں دوبارہ کراچی پر اثر انداز ہوں گئی۔
جمعہ 24 جنوری سے کراچی میں شمال مشرقی سمت کی سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کی جانب سے چلنے والی ہواؤں کے سبب درجہ حرارت گرنے اور سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کم سے کم پارہ سنگل ڈیجیٹ میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ صبح دُھند کے باعث حدِ نگاہ 1200 میٹر ریکارڈ ہوئی۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 اور کم سے کم 1 2ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔