بھمبر: وزیراعظم شہبازشریف نے آزاد کشمیر میں دانش اسکولوں کا جال بچھانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ غریب آدمی تعلیم کے مہنگے اخراجات برداشت نہیں کرسکتا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آزاد کشمیر کے ڈسٹرکٹ بھمبھر میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھنی کی تقریب ہوئی، جس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیرمیں دانش اسکول کا قیام خوش آئند ہے، دانش اسکول نہ ہوتے تو ہونہار بچے اور بچیاں آج گلیوں کی دھول میں گم ہوجاتے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیرمیں دانش اسکولوں کا جال بچھادیں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ غریب آدمی تعلیم کے مہنگے اخراجات برداشت نہیں کرسکتا اس لیے دانش اسکول کےتمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ وادی نہتے کشمیریوں کے خون سےسرخ ہوچکی ہے، مقبوضہ کشمیرکےعوام آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں، مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہوناچاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کےشانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور وہاں کے عوام کی اخلاقی مدد کرتے رہیں گے، عوام کی دعائیں کشمیریوں کےساتھ ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرضرورآزاد ہوگا اور کشمیریوں کی قربانیاں ضروررنگ لائیں گی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آرمی چیف کی کشمیریوں سےوابستگی کسی سےڈھکی چھپی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کم ترین سطح پرآگئی جبکہ ایکسپورٹ بڑھ گئی جس سے معیشت مستحکم ہورہی ہے، شرح سود میں مزید کمی ہوسکتی ہے۔