عمران خان اور پی ٹی آئی کو اپنی وارداتوں کا حساب دینا پڑے گا، شرجل میمن

عمران خان کو 14 سال سزا ہوئی لیکن کوئی مظاہرہ نہیں ہوا اور نہ ایک بندہ باہر نکلا، سینیئر وزیر


ویب ڈیسک January 23, 2025

کراچی:

سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ مذاکرات ہونے چاہیے اور پاکستان کے ہر مسئلے کا حل مذاکرات سے نکلے گا لیکن عمران خان اور پی ٹی آئی کو اپنی وارداتوں کا حساب دینا پڑے گا۔

کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کو 14 سال سزا ہوئی، کیا کوئی ایک مظاہرہ بھی ہوا؟ ملک میں کہیں بھی ایک بندہ نہیں نکلا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ریڈیو پاکستان کو آگ لگائی گئی، جی ایچ کیو پر حملہ کیا گیا، بسوں اور ایمبولینسز کو آگ لگائی گئی۔ گرفتاری کے خلاف پاکستان میں آگ لگائی گئی، اداروں میں بغاوت پیدا کی گئی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان شروع سے سلیکٹو سسٹم میں رہے ہیں، 2018 میں عمران خان الیکشن جیتنے کے بعد ہر سیاسی مخالف کو چور اور ڈاکو کہتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں صحت کی بہترین سہولیات موجود ہیں جبکہ دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ پیپلز پارٹی بنا رہی ہے، ریڈ لائن اور یلو لائن منصوبے چل رہے ہیں اور 100 سالوں تک کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ای وی ٹیکسیز پر روزانہ میٹنگز کرتا ہوں، خواتین کے لیے پنک ای وی ٹیکسیز چلائیں گے اور خواتین کے لیے پنک اسکوٹیز بھی بنائیں گے۔ پنک اسکوٹیز کے ذریعے خواتین کو خود کفیل بنائیں گے۔ خواتین کی پہلی پنک بسیں پیپلز پارٹی نے متعارف کروائی، لوگوں کے مسائل حل کرنا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مزید پڑھیں؛ کراچی میں پیپلز بس سروس کے کرایے بڑھ گئے، اطلاق کب سے ہوگا

سینیئر وزیر نے کہا کہ سندھ میں روڈ نیٹ ورک پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، ملیر ایکسپریس اور شاہراہ بھٹو بنائی گئی، روزانہ اس سڑک پر ٹریفک بڑھ رہا ہے، یہ روڈ شہریوں کو جوڑ دے گا۔ اس روڈ سے کمیونیکیشن آسان ہو جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ریڈ لائن بس میں روزانہ ایک لاکھ سے زائد مسافر سفر کرتے ہیں اور ایک مسافر پر سرکار روزانہ 50 روپے سے زائد کی سبسڈی دیتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ساری یوٹیلٹیز ایک ساتھ ہو جائیں۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ صوبائی کابینہ کو ہم نے پروپوزل دیا کہ پیپلز بس سے بسڈی ختم کر دیں یا کم کر دیں کیونکہ جو رقم بچے گی اس سے ہم مزید بسیں خریدیں گے۔ فیصلہ ہوا کہ مزید ای وی بسیں خریدیں گے۔ کرایے میں حکومت ایک روپیہ بھی منافع نہیں لے رہی، سبسڈی کم کی ہے ختم نہیں کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ انرجی سیکٹر میں پیپلز پارٹی بہت کام کر رہی ہے، پاکستان کو سستی بجلی کا حل واحد پاکستانی کوئلہ ہے اور کوئلے کو تیزی سے نکال رہے ہیں۔ تھر کا کوئلہ 200 سال تک نکال کر بجلی ایکسپورٹ کر سکتے ہیں۔

سینیئر وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ کا وزیراعلیٰ سب سے زیادہ پڑھا لکھا ہے، دن رات کام کرتے ہیں تو ان کو کیوں تبدیل کیا جائے گا؟ فیک خبریں چلتی رہتی ہیں، وی لاگرز اور ٹک ٹاکرز خبریں چلاتے ہیں۔ قائم علی شاہ نے بھی اچھا کام کیا اور مراد علی شاہ بھی بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔

قبل ازیں، سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور نئی باڈی کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اور پیپلز پارٹی ہمیشہ سے صحافیوں کے ساتھ رہی ہے، جتنی آزادی صحافت ہوگی اتنا سوشل میڈیا پر فیک نیوز کا کلچر ختم ہوگا۔ ہم نہیں چاہتے ہیں کہ صحافیوں کے اوپر کسی قسم کی پابندی ہو لیکن سوشل میڈیا پر جو جھوٹ پھیلاتے ہیں انکا کیا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں