اسلام آباد:
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت مسٹر ووگر مصطفائیف نے ملاقات کی جہاں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات مضبوط اور متنوع بنانے کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ آذربائیجان کے دفاعی صنعت کے وزیرووگر مصطفائیف نے آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات کو مضبوط اور متنوع بنانے کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، توانائی، سرمایہ کاری اور دفاعی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی موجودہ رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت نے پاکستان میں ان کی اور ان کے وفد کی مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
ووگر مصطفائیف پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اسلام آباد میں مشترکہ وزارتی کمیشن کے 8ویں اجلاس میں مشترکہ صدارت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہیں۔