مسلم لیگ ن کے رہنما بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ امید ہے کہ کل یا پرسوں مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو جائے گی، تاہم انہوں نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی باضابطہ طور پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا کہہ دیں ، اگر وہ ہمیں کہیں گے تو ہم ملاقات کرا دیں گے۔
رہنما ن لیگ بیرسٹر عقیل ملک نے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا بہانہ بنایا جا رہا ہے اور یہ کہا جا رہاہے کہ بانی پی ٹی آئی سے بس ایک ملاقات کرا دیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے یوٹرن لیا اور کہا مذاکرات میں حصہ نہیں لیں گے ، اب امید کی کرن نظر آ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ کل یا پرسوں مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو جائے گی تاکہ ہم 28 جنوری سے پہلے حجت تمام کر لیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ باضابطہ طور پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو بھی بانی پی ٹی آئی سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کا کہہ دیں، اسپیکر اگر ہمیں کہیں گے تو ہم ملاقات کرا دیں گے۔
عقیل ملک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے تحریری مطالبات دیے تو اب ہم نے اپنا ردعمل دینا ہے جو ہم نے جواب دینا ہے وہ ان کے سامنے ہوگا۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے میٹنگ میں آجائیں تو ان کو مایوسی نہیں ہوگی، میٹنگ میں ہمارا پوائنٹ بھی سامنے آنا چاہیے کم از کم دونوں فریقین میں نشست کا ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکراتی عمل میں 7 جماعتیں شامل ہیں ، سب نے اپنی جماعت کی لیڈر شپ سے مشاورت کرنی ہے، پی ٹی آئی کے کچھ بہت بے تکے مطالبات ہیں۔