فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ سے شادی؟ خلیل الرحمان قمر کا بڑا انکشاف

ڈرامہ نگار نے فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ سے شادی کا اقرار کرتے ہوئے بتایا کہ طلاق کی وجہ وہ نہیں ہیں


ویب ڈیسک January 27, 2025

معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں ایسا انکشاف کیا ہے جس نے شوبز حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ انہوں نے پہلی بار اداکار فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ سے اپنی شادی کا اعلانیہ تذکرہ کیا ہے۔

خلیل الرحمان قمر نے فیصل قریشی کی مطلقہ سے اپنی شادی کا انکشاف اس وقت کیا جب وہ معروف صحافی ارشاد بھٹی کے پوڈکاسٹ شو میں شریک تھے۔

پوڈکاسٹ کے دوران ارشاد بھٹی نے خلیل الرحمان قمر سے ان کے مقبول ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘ کے حوالے سے ایک دلچسپ سوال پوچھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرامے میں ایک عورت اپنے شوہر کو چھوڑ کر دوسرے مرد کے پاس چلی جاتی ہے، لیکن آپ کے ایک ڈرامے کے اداکار (فیصل قریشی) کی اہلیہ نے بھی انہیں چھوڑ کر آپ سے شادی کرلی، کیا آپ کا ڈرامہ آپ کی اپنی زندگی کی کہانی سے متاثر تھا؟

اس سوال کے جواب میں خلیل الرحمان قمر نے ایک بڑا راز کھول دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرامہ ’’میرے پاس تم ہو‘‘ ان کی زندگی سے بالکل متاثر نہیں تھا، لیکن جب یہ ڈرامہ نشر ہو رہا تھا تو لوگوں نے ایسی باتیں ضرور کیں۔

انہوں نے فیصل قریشی کو اپنا قریبی دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہی فیصل کو شوبز میں متعارف کرایا تھا۔ خلیل الرحمان قمر نے فیصل قریشی کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شاندار اداکار ہیں اور انہوں نے آڈیشن میں انہیں حیران کردیا تھا۔

تاہم، اس کے بعد خلیل الرحمان قمر نے وہ بات کہی جس کا سب کو انتظار تھا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے فیصل قریشی کی سابقہ اہلیہ سے شادی کی ہے، لیکن انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فیصل کی طلاق کی وجہ وہ نہیں تھے۔

خلیل کا کہنا تھا کہ فیصل قریشی اور ان کی پہلی بیوی کے درمیان طلاق ہونی ہی تھی اور انہوں نے خود فیصل اور ان کی والدہ کو اس معاملے پر سمجھانے کی بہت کوشش کی تھی۔

خلیل الرحمان قمر نے یہ بھی کہا کہ اس وقت ان کی فیصل کی سابقہ اہلیہ سے صرف دو بار ملاقات ہوئی تھی اور وہ انہیں بیٹا کہہ کر بلاتے تھے۔ لیکن پھر انہوں نے ان سے شادی کیوں کی، اس کی وجہ وہ فی الحال نہیں بتا سکتے، لیکن جلد ہی اس بارے میں بھی کھل کر بات کریں گے۔

خلیل الرحمان قمر کے انکشافات نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ لوگ اس بارے میں مختلف تبصرے کر رہے ہیں اور اس کہانی کے مزید پہلو جاننے کے لیے بے تاب ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں