سوڈان کے علاقے دارفور میں سعودی اسپتال پر باغی فورسز کے حملے میں 70 افراد ہلاک ہوگئے۔
عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ نے بیان میں کہا کہ باغی فورسز نے سعودی ٹیچنگ میٹرنل اسپتال کو نشانہ بنایا۔ حملے میں اب تک 70 افراد کے مرنے کی تصدیق ہوئی ہے۔ سعودی ٹیچنگ اسپتال پورے علاقے میں کام کرنے والا واحد اسپتال تھا جو حملے میں تباہ ہوگیا۔ اسپتال حملے کے بعد کافی بڑے علاقے علاج کی سہولیات کے حوالے سے بڑے بحران کا سامنا ہوگا۔
سوڈانی حکام کے مطابق اسپتال کونشانہ بنانا باغی فورسز کی جانب سے مسلسل کیے جانے والے حملوں کی کڑی ہے۔ باغی تیل کی تنصیبات سمیت مختلف جگہوں اور علاقوں پر حملے کرچکے ہیں۔ اسپتال حملے میں اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے سوڈان میں اسپتال پرحملے کی شدید مذمت کی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسپتال پرحملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔