افغانستان ویمن کرکٹ ٹیم تین سال بعد ایکشن میں نظر آئے گی

طالبان کے اقتدار کے بعد افغان ویمن ٹیم پہلی بار ایک گروپ کے طور پر اکٹھی ہوئی ہے


ویب ڈیسک January 27, 2025

میلبرن:

افغانستان کی ویمن کرکٹ ٹیم جمعرات کو میلبورن کے جنکشن اوول میں تین سال بعد دوبارہ ایکشن میں نظرآئے گی۔

افغان ویمن ٹیم نمائشی ٹی 20 میچ میں کرکٹ ود آؤٹ بارڈرز الیون کے مد مقابل آئے گی، یہ میچ ایم سی جی میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ویمنز ٹیموں کے ڈے اینڈ نائٹ ویمنز ایشز ٹیسٹ کے افتتاحی دن سے قبل کھیلا جائے گا۔

یہ پہلا موقع ہے جب افغان ویمن ٹیم طالبان کے اقتدار کے بعد ملک چھوڑنے کے بعد ایک گروپ کے طور پر اکٹھی ہوئی ہے۔ ٹیم کے نصف ارکان کینبرا میں مقیم ہیں جبکہ باقی کھلاڑی میلبورن میں پناہ گزین کے طور پر آباد ہیں۔

یہ نمائشی میچ نہ صرف خواتین کی کرکٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ افغان خواتین کے حقوق اور مساوی مواقع کے لیے جدوجہد کو بھی نمایاں کرتا ہے۔

میلبورن میں افغانستان الیون کے میچ سے قبل ناہیدہ سپن اور فیروزہ امیری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ واقعی ہمارے لیے اہم ہے، خاص طور پر افغان خواتین کے لیے کیونکہ یہ تمام افغان خواتین کے لیے ایک بہت ہی تاریخی لمحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس میچ سے بڑی امیدیں ہیں کیونکہ یہ میچ افغان خواتین کے لیے تعلیم، کھیل اور مستقبل کے لیے دروازے کھول سکتا ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ یہ ہمارا پہلا اور آخری میچ ہو، ہم مزید میچز چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم لاکھوں افغان خواتین کی نمائندگی کرنے جا رہے ہیں کہ وہ افغانستان میں ہیں اور اپنے حقوق سے محروم ہیں اور یہ بھی ہم سب کے لیے بہت خاص ہے کہ تین سال بعد ہم  سب واپس اکٹھے ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا فی الحال دو طرفہ میچز میں افغانستان سے نہیں کھیلتا لیکن صرف آئی سی سی ایونٹس میں اس کا سامنا کرتا ہے، اگلے ماہ پاکستان اور یو اے ای میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے دونوں ٹیمیں ایک ہی گروپ میں شامل ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے نے جمعرات کو ہونے والے نمائشی میچ کو افغانستان ویمنز ٹیم کے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی جانب پہلا قدم اور امید کی کرن قرار دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں