کراچی:
بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے 12 سال بعد رنجی ٹرافی میچ کھیلنے کی تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کوہلی نے دہلی کو رنجی ٹرافی کے آخری گروپ میچ میں ریلویز کے خلاف اپنی دستیابی کی تصدیق کر دی ہے، 36 سالہ رائٹ ہینڈ بیٹر نے اس سے قبل دہلی کے لیے 2012 میں آخری رنجی ٹرافی میچ کھیلا تھا۔
ریلویز سے گروپ ڈی میچ 30 جنوری سے 2 فروری تک دہلی میں ہی شیڈول ہے، سردست کوہلی نے ممبئی میں تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
اس حوالے سے کوہلی کی کئی وڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں، اس میں وہ سابق بھارتی بیٹنگ کوچ سنجے بنگر کے ساتھ مشقیں کر رہے ہیں۔