ہڑپہ تہذیب سے متعلق ایک معمے کو حل کرنے کیلیے لاکھوں ڈالر کی پیشکش

بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے اس قدیم کوڈ کو حل کرنے والے کے لیے 10 لاکھ ڈالر کا اعلان کیا ہے


ویب ڈیسک January 30, 2025

ہڑپہ تہذیب کے ایک معمے کو حل کرنے کے لیے 10 لاکھ ڈالر کی پیش کش کر دی گئی۔

5300 سے 3300 سال قبل بسنے والی قدیم وادی سندھ کی تہذیب سے تعلق رکھنے والے ایک قدیم اسکرپٹ کو محققین کافی عرصے سے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ تہذیب 2600 سے 1900 قبلِ مسیح کے دوران جنوبی ایشیاء کے شمال مغربی حصوں میں آباد تھی جن میں آج کے دور کا پاکستان، شمال مغربی بھارت اور شمال مشرقی افغانستان شامل ہے۔

قدیم وادی سندھ کی تہذیب کے لوگوں کا بنایا گیا اشاروں اور نشانات پر مبنی یہ قدیم اسکرپٹ سائنس دانوں کو دنیا کے ابتدائی شہری معاشروں میں سے ایک کے متعلق بڑی معلومات فراہم کر سکتی ہے لیکن ابھی کوئی بھی اس متعلق کچھ نہیں جان سکا ہے۔

یونیورسٹی آف واشنگٹن سے تعلق رکھنے والے کمپیوٹر سائنس دان پروفیسر راجیش پی این راؤ کے مطابق انہیں متعدد کوڈبریکرز کی ای میلز موصول ہوئی ہیں جن کا کہنا تھا کہا انہوں نے اس معمے کو حل کر لیا ہے۔ ان افراد میں زیادہ تر بھارت سے ہیں۔

انہوں نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے یہ معمہ حل کر لیا ہے لیکن ان کے جوابات میں اسکرپٹ سے متعلقہ اہم حقائق کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

معمے کو حل کرنے کی مد میں بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے اس قدیم کوڈ کو حل کرنے والے کے لیے 10 لاکھ ڈالر کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کی جانب سے یہ اعلان ایک نئی تحقیق کے بعد سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ اسکرپٹ میں پائے جانے والے نشانات اور قدیم تامل شاعری میں پائے جانے والے نشانات میں مماثلت پائی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں