نیب آج پرویزاشرف کابیان اوررپورٹ عدالت میں پیش کریگا

پرویزاشرف نے وزیراعظم بننے سے قبل رینٹل پاورفیصلے کے بعدبیان ریکارڈکرایاتھا


Wajid Hameed September 25, 2012
تقریباً 3ارب وصول کرلیے،ریفرنس بھی دائرہونگے، چیئرمین نیب ودیگرکاموقف فوٹو: فائل

رینٹل پاورکیس میں نیب نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمدکرتے ہوئے کمپنیوں سے تقریباً3 ارب کی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی ہے۔

نیب کی جانب سے عملدرآمد نہ کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے توہین عدالت کے نوٹس کا جواب آج سپریم کورٹ میں جمع کرایا جائے گا ۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ رینٹل پاورکیس میں نیب نے قومی خزانے کی ریکوری کو ترجیح دی اور تین ارب کے قریب رقم وصول کی اورکئی کمپنیوں کے ساتھ ریکوری کے حوالے سے معاہدے کیے۔

کمپنیوں کے لوگوں کوگرفتارکرکے جیلوں میں ڈال دینے سے قومی خزانے کی ریکوری ممکن نہیں تھی ۔ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب اور افسران کی جانب سے پیشرفت رپورٹ میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں نیب قومی خزانے کی رقوم کی وصولی کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروے کار لا رہا ہے ۔

چیئرمین نیب ایڈمرل(ر) فصیح بخاری اور نیب کے دیگر افسران آج سپریم کورٹ میں فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کے حوالے سے جاری توہین عدالت نوٹسزکا جواب داخل کرنے چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کے سامنے پیش ہوں گے اور رینٹل پاور کیس میں پیشرفت کی رپورٹ بھی پیش کریں گے ۔

ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے رپورٹ میں رینٹل پاورکیس میں وزیر اعظم راجا پرویز اشرف جنہوں نے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھانے سے قبل رینٹل پاورکے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نیب ہیڈکوارٹرز میں حاضر ہوکر بیان ریکارڈکرایا تھا۔

اس کے علاوہ کمپنیوںکے نمائندوںکے ریکارڈ شدہ بیانات کی تفصیلات بھی سپریم کورٹ میں پیش کی جائیں گی ۔ نیب کی رپورٹ میں وصولیوں کے حوالے سے کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں اور ریکوری کے طریقہ کار کی تفصیلات پیش کی جائیںگی ۔

ذرائع کے مطابق نیب کے جواب میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ نیب سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ذمے داروں کے خلاف ریفرنسز دائر کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں