سیاسی بحران سے پاک چین منصوبے متاثر نہیں ہونے چاہئیں آصف زرداری

سندھ حکومت اور چینی کمپنیوں میں کراچی ماس ٹرانزٹ سمیت 3 ایم اویوز پردستخط


Khalid Qayyum August 28, 2014
چینی وزیراعظم کا پاکستان کے حالات پر تشویش کا اظہار، ایشوز بات چیت سے حل کرنے کی درخواست، ذرائع۔ فوٹو: فائل

سابق صدرآصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بدھ کو چین کے شہر بیجنگ میں سندھ بزنس کانفرنس میں شرکت کی۔

چین کے اہم گروپوں اورسرمایہ کارکمپنیوں نے اس کانفرنس میںشرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدرآصف زرداری نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں معاشی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے بھی اس کانفرنس سے خطاب کیا۔ کانفرنس سے قبل سندھ حکومت اور چین کے ٹرانسپورٹ گروپوں کے درمیان تین ایم اویوز پر دستخط ہوئے۔ ایک ایم او یوکراچی میں ماس ٹرانزٹ ٹرین اور دیگر 2 ایم او یوز کراچی اور سندھ میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے ہیں۔

علاوہ ازیںسابق صدرکے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابرکے مطابق آصف زرداری نے بدھ کے روز بیجنگ میں چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقات کی،ملاقات میں پاک چین تعلقات، خطہ کی صورتحال کے ساتھ پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور سابق وزیر داخلہ رحمن ملک، شیری رحمٰن بھی آصف زرداری کیساتھ تھے۔ آئی این پی کے مطابق آصف زرداری نے اس موقع پرکہا کہ پاکستان کی سیاسی صورتحال کی وجہ سے چین کے تعاون سے شروع ہونے والے ترقیاتی منصوبوں پرکام متاثر نہیں ہوناچاہیے۔

انھوں نے کہا کہ تجارتی راہداری، گوادر بندرگاہ اور بجلی کے تمام منصوبے اپنے وقت پر مکمل ہونے چاہئیں۔ ذرائع کے مطابق چینی وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں دوست ملک میں پیدا سیاسی حالات پرتشویش ہے۔ ہماری تمام فریقین سے درخواست ہے کہ بات چیت سے تمام ایشوز کو حل کیا جائے۔ چینی وزیر اعظم نے کہا کہ چین پاکستان سے اپنے تعلق اور دوستی کو خاص اہمیت دیتاہے اور اسی وجہ سے ہمیں پاکستان کے حالات پر تشویش ہے۔

انھوں نے اس امیدکا اظہار کیا کہ پاکستان کے تمام رہنما وسیع تر مفاد میں اپنے تمام ایشوزکوجلد حل کر لیںگے۔چینی وزیراعظم نے یقین دلایاکہ اس وقتی صورتحال کی وجہ سے پیپلزپارٹی کی سابق حکومت اورن لیگ کی موجودہ حکومت کے ساتھ طے پانے والے تمام ترقیاتی منصوبوں کے معاہدوں پرپوری طرح سے عملدرآمد کیاجائے گا۔ ادھر سندھ سرمایہ کاری بورڈ اور چائنا پاک اکنامکس ٹریڈ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرادری نے کہاکہ گوادرپورٹ چین کو دینا دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی لازوال مثال ہے۔

انھوں نے کہا کہ سندھ قدرتی اورمعدنی وسائل سے مالا مال ہے ۔ آصف زرداری نے کہا کہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے دوطرفہ تجارت اہم ہے۔انھوں نے کہا کہ چین کے تاجر برابری کی بنیاد پرحکومت سے ملکر تجارت کریں،ذرائع کے مطابق اس موقع پر چائنا اکنامکس کوآپریشن کے حکام نے سندھ میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں