اداکار مقصود حسن حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے

مقصود حسن نے کئی فلموں سمیت اسٹیج اور ٹی وی ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے۔


Cultural Reporter September 04, 2014
مقصود حسن کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر غزالی مسجد سوک ویو میں ادا کی جائے گی۔ فوٹو : ایکسپریس

ریڈیو، ٹی وی اور فلم کے معروف اداکار مقصود حسن گزشتہ روز حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگئے۔

ان کی عمر67 سال تھی، ادکاری اور صداکاری کے شعبہ میں سینئر ترین ادکاروں میں ان کا شمار ہوتا تھا، منی باجی اور اور مقصود حسن نے ریڈیو پاکستان کراچی کے بچوں کے پروگرام سے شہرت حاصل کی، انھوں نے ریڈیو پاکستان کے اسٹوڈیو نمبر 9 سے کئی ڈراموں میں صداکاری کی، ادکار محمد علی(مرحوم) مقصود حسن کے دیرینہ دوستوں میں سے تھے، انھوں نے معروف ڈرامہ نگار خواجہ معین الدین (مرحوم) کے بیشتر ڈراموں میں کام اور ان کے ادارے سے تربیت حاصل کی۔

مقصود حسن نے عمر شریف کے کئی ڈراموں میں فن کا مظاہرہ کیا، انھیں ڈرامہ'' بکرا قسطوں پر'' سے شہرت ملی، اسٹیج پر ان کا آخری ڈرامہ نذر حسین کا '' ہم لوگ'' تھا جو چھوٹے قد کے فنکاروں کے حوالے سے بے حد مقبول ہوا، ٹیلی وژن ڈرامہ''قدوسی صاحب کی بیوہ'' سے بھی انھیں بہت شہرت ملی، ادکار معین اختر کے ساتھ بھی انھوں نے بہت سے ڈراموں میں کام کیا، کئی فلموں میں فن کاری کی، ''جاگ اٹھا انسان'' ادکار محمد علی کے ساتھ ان کی یاد گار فلم تھی، وہ 50 سال تک ادکاری اور صداکاری کے شعبہ سے وابستہ رہے، مقصود حسن نے دنیا بھر کا سفر کیا وہ طویل عرصے بیروت میں بھی مقیم رہے جہاں وہ زخمی بھی ہوئے تھے اور پھر پاکستان واپس آگئے۔

فنکار برادری میں سب سے زیادہ مقبول ترین شخصیت تھے، سب ہی ان سے بہت محبت کرتے تھے،اپنی بہن منی باجی کے انتقال کے بعد وہ بہت افسردہ رہنے لگے، منی باجی سے بہت زیادہ پیار کرتے تھے، چھوٹے قد کے اس بڑے فنکار نے جو شہرت حاصل کی وہ بہت کم فنکاروں کو ملی، 6 سال قبل ان کی شادی ہوئی تھی اور ان کی کوئی اولاد نہیں تھی، مقصود حسن کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر غزالی مسجد سوک ویو حسن اسکوائر میں ادا کی جائے گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں