ایشین گیمز میں شرکت کیلئے آرچری ٹیم کو عین وقت پر روانگی سے روک دیا گیا

کنفرم ٹکٹس کے باوجود یونیفارم زیب تن کیے کھلاڑی ایئرپورٹ سے واپس لوٹنے پر مجبور


جہانزیب صدیق September 20, 2014
کنفرم ٹکٹس کے باوجود یونیفارم زیب تن کیے کھلاڑی ایئرپورٹ سے واپس لوٹنے پر مجبور۔ فوٹو: فائل

قومی آرچری ٹیم کو آخری لمحات میں ایشین گیمز میں شرکت کیلیے روانگی سے روک دیا گیا، کنفرم ٹکٹس کے حامل اور قومی لباس زیب تن کیے کھلاڑی ایئرپورٹ سے واپس لوٹ آئے۔

کوچ سلمان خان کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی دبئی کے راستے کوریا جانے کیلیے سیالکوٹ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارے میں سوار ہونے کیلیے تیار تھے، ایسے میں اچانک فیڈریشن کے صدر عارف حسن اور سیکریٹری وصال خان نے یہ کہہ کرواپس بلا لیا کہ اسپورٹس بورڈ نے آرچری کے دستے کو ایونٹ سے دستبردار کرلیا ہے، دوسری طرف دونوں آفیشلز خود کوریا روانہ ہوگئے۔

پشاور میں نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کوچ نے بتایا کہ ایشین گیمز میں پہلی بار شریک ہونے کیلیے قومی ٹیم کے کھلاڑی اور وہ خود گذشتہ شام سیالکوٹ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچے، وہاں سے انھیں دبئی کے راستے کوریا جانا تھا، اچانک جنرل (ر) سید عارف حسن اور وصال محمد خان نے بتایا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے آرچری ٹیم کو ڈراپ کر دیا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ تمام اراکین کے پاس کنفرم ٹکٹس موجود اورکھلاڑیوں نے قومی لباس بھی زیب تن کر رکھے تھے لیکن انھیں جہاز پر سوار ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔

سلمان خان نے بتایا کہ ایشین گیمز میں شرکت کے خواہشمند کھلاڑیوں میں اصغر خان، سہیل ناصر،عدنان احمد جبکہ خواتین میں نوشین قیصر، رخسانہ اور سدرا غلام نبی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ قومی آرچری ٹیم کو ملکی تاریخ میں پہلی بار ایشیائی کھیلوں میں شرکت کرنا تھی،اس سلسلے میں ایک ماہ تک کیمپ بھی لگایا گیا تھا۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے کے باوجود پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا کوئی بھی عہدیداروضاحت کے لیے دستیاب نہ ہوسکا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔