انقلاب لا چکے جو جلد پورے ملک کو لپیٹ میں لے لے گا طاہر القادری

عوام دشمن سنگین وارداتوں کی سرپرستی وزیراعلٰی پنجاب کے گھر سے کی جاتی ہیں، طاہر القادری


Agencies/Numainda Express September 28, 2014
قانون مظلوم کی حفاظت نہ کر سکا تو خود ظالم کے ہاتھ توڑیں گے، طاہر القادری فوٹو : فائل

ISLAMABAD: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری نے کہا ہے کہ تمام انقلاب مارچ والے اپنے ڈیٹا فارم پر کرکے جمع کرا دیں، آپ انقلاب لاچکے ہیں۔

اسلام آباد میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا جو لوگ یہاں کیمپ لگاکر انقلاب کی خاطر بیٹھے ہوئے ہیں وہ سب رجسٹریشن فارم پر کرکے کنٹرول روم میں جمع کروا دیں کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کا ڈیٹا ہمیشہ کے لئے اپنے پاس رکھیں، وہ جب کبھی پاکستان کے کسی بھی کونے میں جائیں گے تو وہاں وہ صرف انقلاب مارچ میں شرکت کرنے والوں کے گھر پر ہی رہیں گے۔ انقلاب اپنا ایک دور مکمل کر چکا ہے کیونکہ لوگوں کو ظالم حکمرانوں کے ہتھکنڈوں کی خبر ہوگئی ہے انہیں اپنا حق لینے کا پتہ چل چکا ہے اور ان کی ذہنی و فکری سوچ بدل چکی ہے۔ انقلاب کو دھتکارنے والوں کو اب وہ دھتکار دیں گے۔ انقلاب نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور سوئے ہوئے لوگوں کو بیدار کردیا ہے لیکن اس ملک میں جن کی پانچوں انگلیاں گھی میں ہیں انہیں انقلاب کی ضرورت نہیں۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ 6 برسوں میں پنجاب میں سنگین جرائم میں 110 فیصد اضافہ ہوا۔ اگست 2014ء میں خفیہ اداروں نے ایک رپورٹ شائع کی جس کے مطابق پنجاب حکومت کی کارکردگی باقی تمام صوبوں سے بدتر ہے، جہاں ہر روز 200 کاریں اور 600 موٹرسائیکل چھینے جاتے ہیں اور 28 افراد اغواء ہوتے ہیں۔دھرنے کے شرکاء شکر ادا کریں کہ وہ لوگ یہاں آگئے ہیں ورنہ وہ بھی اغواء ہوچکے ہوتے اور جب وہ یہاں سے جائیں گے تو انہیں کوئی ہاتھ لگانے کی ہمت اور جرات نہیں کرسکے گا یہی ان کی فتح ہے، اگر ظالم نے اپنے ہاتھ نہ روکے تو ان کے ہاتھ توڑ دیں گے۔ پنجاب میں گڈگورننس نہیں ہے۔

طاہرالقادری نے کہا کہ انقلاب مارچ کے بیشتر مقاصد حاصل کئے جا چکے ہیں، دھرنا بے جان نہیں، تنقید کرنے والے زندہ لاشیں بن چکے ہیں۔ اگر کسی کے گھر کریک ڈاؤن کیا گیا تو میں اس شہر کے لوگوں کو حکم دوں گا کہ وہ تھانوں سے لوگوں کو چھڑا لیں، اب لوگوں کو ایسا طرز زندگی سکھاؤں گا کہ وہ اپنا حق خود چھین لیں گے۔ پارلیمنٹ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اسے ختم ہونا پڑے گا۔ عوام دشمن سنگین وارداتوں کی سرپرستی کوئی اور نہیں کررہا بلکہ اس کی ڈوریاں وزیراعلٰی پنجاب کے گھر سے ہلتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔