ٹیکسٹائل برآمدات جولائی تا ستمبر4 فیصد گر گئیں

ٹیکسٹائل ایکسپورٹ 3ارب41کروڑ 73لاکھ29 ہزارڈالر تک محدود ہوگئی جو گزشتہ سال3 ارب 55 کروڑ 93 لاکھ 42 ہزارڈالرپرتھی۔


Business Desk October 22, 2014
جولائی تا ستمبر کے دوران مجموعی طور پر فوڈگروپ کی برآمدات 10.05 فیصد گھٹ گئیں، فوٹو: فائل

پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 3.99 فیصد کمی ہوئی۔

جس کے نتیجے میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹ 3ارب41کروڑ 73لاکھ29 ہزار ڈالر تک محدود ہوگئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 3 ارب 55 کروڑ 93 لاکھ 42 ہزار ڈالر رہی تھی۔ پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق پہلی سہ ماہی میں خام روئی23.90، سوتی دھاگے 21.78 فیصد، سوتی کپڑے13.52فیصد اور بیڈویئر کی ایکسپورٹ میں 3.27 فیصد کمی ہوئی جبکہ نٹ ویئر 11.16 فیصد، ٹاولز 3.65، خیمے وترپال 157.96 فیصد اور ریڈی میڈگارمنٹس کی پیداوار میں 2.78 فیصد کا اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق جولائی تا ستمبر کے دوران کھانے پینے کی تمام اشیا کی ایکسپورٹ میں کمی ہوئی، مجموعی طور پر 3ماہ کے دوران فوڈگروپ کی برآمدات 10.05 فیصد گھٹ گئیں، چاول کی برآمدات میں 10.34 فیصد، مچھلی ومچھلی کی مصنوعات کی برآمدات میں 8.17 فیصد، پھل16.38، سبزیوں 45.46 فیصد، دالوں 100 فیصد، گندم 99.75 فیصد، مصالحہ جات1.60 فیصد، تیلدار بیج 41.02 فیصد، گوشت اور گوشت کی مصنوعات 21.71 فیصد اور دیگر فوڈ آئٹمز کی برآمدات میں 13.02 فیصد کمی ہوئی جبکہ صرف چینی کی برآمد میں 139.16 فیصد کا اضافہ ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔