صوبوں کی مشاورت سے دکانیں رات 8 بجے بند کرائیں گے خواجہ آصف

بجلی کی بچت کے جامع منصوبے بنارہے ہیں۔ صوبوں کی مشاورت سے رات 8بجے دکانیں بند کرائیں گے، خواجہ آصف


ہم چاہتے ہیں کہ بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں سرمایہ کاری ہو، وزیر پانی و بجلی فوٹو: فائل

وزیر پانی و بجلی ودفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کیلیے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔

دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا صفایا کر دیا گیا ہے۔ اب ملک بھر میں ان کا پیچھا کیا جائے گا۔ بجلی کی بچت کے جامع منصوبے بنارہے ہیں۔ صوبوں کی مشاورت سے رات 8بجے دکانیں بند کرائیں گے۔ اسلام آباد میں دو روزہ سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ کچھ لوگ اقتدار کی خواہش میں معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ ان کے عزائم ناکام بنادیں گے۔ دھرنا دینے والوں میں سے کچھ سے نمٹ لیا ہے باقی سے بھی نمٹ لیں گیا،انہوں نے کہا آپریشن ضرب عضب کے بعد دہشتگردی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔

دہشت گردوں نے انفرااسٹرکچرتباہ ہونے کے باعث شہروں کا رخ کرلیا تاہم مرکزی نیٹ ورک توڑدیا گیا ہے۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں سرمایہ کاری ہو۔ پن بجلی، کوئلے اور تھر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، سرمایہ کاروں کو بجلی کی زیادہ پیدوار اور قیمت میں کمی کی ضمانت دینا ہوگی۔

ورکنگ باؤنڈری اور ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے متعلق وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں نے اشتعال دلایا تو بھرپور جواب دیں گے۔ مغربی سرحدوں پر دشمن ہماری توجہ بٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ سرمایہ کاروں کو مراعات دینے کیلیے حکومت کسٹم ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ایل این جی کے شعبے میں حکومت تیزی سے کام کر رہی ہے اور فروری 2015 سے اس کی باقاعدہ سپلائی بھی شروع ہوجائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔