محرم الحرام کے دوران کراچی سینٹرل جیل پر حملے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات مزید سخت

جیل کے گرد پولیس کے گشت میں بھی غیر معمولی اضافہ کردیا گیا ہے اور جیل کے حوالے سے پولیس ہمہ وقت چوکس ہے ۔


Raheel Salman November 02, 2014
سینٹرل جیل کے اطراف سیکیورٹی اقدامات کے تحت کنکریٹ کی دیوار بنادی گئی ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

9 اور 10 محرم الحرام میں کراچی سینٹرل جیل پر دہشتگردوں کے حملے کا خطرہ بدستور موجود ہے، اس سلسلے میں جیل کے گرد حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیے گئے ۔ اس سلسلے میں جیل کے عقبی حصے میں کنکریٹ کے بلاک لگا کر مکمل دیوار بنادی گئی ہے جبکہ مرکزی دروازے کی جانب مزید 2 سیکیورٹی بیریئر لگادیئے گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ رینجرز نے سینٹرل جیل کے عقب میں قائم غوثیہ کالونی میں چھاپے کے دوران ایک مکان سے سرنگ برآمد کی تھی جوکہ سینٹرل جیل تک جارہی تھی ، ملزمان اپنے ہدف سے محض 10 میٹر دور تھے ، ملزمان کا منصوبہ جیل کی بیرک تک پہنچ کر اپنے ساتھیوں کو چھڑانا تھا جسے رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے مشترکہ طور پر ناکام بنادیا تھا ، گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا تھا کہ 7 محرم الحرام سے 10 محرم الحرام کے دوران ان کا ایک گروپ شہر میں دہشت گردی کی بڑی واردات کرتا اور اسی دوران جب تمام انتظامی مشینری کا رخ اس جانب ہوجاتا تو دوسرا گروپ سینٹرل جیل پر حملہ کرکے اپنے ساتھیوں کو چھڑالیتا، منصوبے میں خود کش بمبار بھی شامل تھے، واقعے کے بعد سے تاحال سینٹرل جیل پر حملے کا خدشہ بدستور منڈلارہا ہے ۔

ملزمان کے کئی ساتھی اب بھی قانون کی گرفت میں نہیں آسکے ہیں جن کی تلاش میں جہاں ایک جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں تو دوسری جانب ملک کے دیگر صوبوں میں بھی ان کی تلاش میں ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں ، حملے کے پیش نظر حکام نے سینٹرل جیل کے گرد حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیے ہیں ، پی آئی بی کالونی کی جانب عقبی حصے میں جیل کی دیوار کے اندر اور باہر کنکریٹ کے بلاک لگا کر مکمل دیوار بنادی گئی ہے جبکہ یونیورسٹی روڈ کی جانب پہلے ہی بم پروف دیوار تعمیر کی جاچکی ہے ، عقبی حصے کی جانب پی آئی بی کالونی اور یونیورسٹی روڈ دونوں جانب بیریئر لگا کر سڑک کو بڑی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا جبکہ متصل گلیوں پر بھی کنکریٹ کے بلاک لگادیے گئے ہیں ، پولیس کی موبائل اور بکتر بند گاڑی بھی 24 گھنٹے حفاظتی ڈیوٹی پر مامور ہے۔ مرکزی دیوار کے ساتھ ساتھ واچ ٹاورز کی تعداد بھی بڑھادی گئی ہے جن پر جدید اسلحے کے ساتھ اسنائپرز تعینات ہیں ، اسنائپرز کو رات میں دیکھنے والی جدید خوردبین بھی فراہم کردی گئی ہیں ، مرکزی دروازے پر بھی تعینات نفری میں اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ مزید دو سیکیورٹی بیریئر بھی بنادیے گئے ہیں ، رات کے اوقات میں جیل کے اندر گشت بڑھادیا گیا ہے جبکہ جیل پولیس کے اہلکاروں کو بھی ایل ایم جی اور ایس ایم جی سمیت دیگر جدید اسلحہ فراہم کردیا گیا ہے ، علاقہ ڈی ایس پی ناصر لودھی نے ایکسپریس کو بتایا کہ جیل کے گرد پولیس کے گشت میں بھی غیر معمولی اضافہ کردیا گیا ہے اور جیل کے حوالے سے پولیس ہمہ وقت چوکس ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں