واہگہ دھماکے کے بعد ہماری آنکھیں کھل جانی چاہئیں الطاف حسین

درندہ صفت عناصرنہ تواسلام کےدوست ہیں نہ مسلمانوں کےاورنہ ہی پاکستان کےبلکہ یہ عناصرانسانیت کےکھلےدشمن ہیں، الطاف حسین


Express Desk November 03, 2014
کئی پاکستانی علاقے صحافیوں کیلیے نوگو ایریاز ہیں، قائد متحدہ، تحفظ کاعالمی دن منانے کا خیرمقدم۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے واہگہ بارڈر خودکش دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اوردھماکے کے نتیجے میں درجنوں افراد کے شہیدوزخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ درندہ صفت عناصرنہ تواسلام کے دوست ہیں نہ مسلمانوں کے اورنہ ہی پاکستان کے بلکہ یہ عناصرانسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ خودکش دھماکا مسلح افواج، تمام ریاستی اداروں اورحکومت کیلیے کھلا چیلنج ہے،یہ دھماکاہم سب کی آنکھیں کھولنے کیلیے کافی ہے۔

اگرچہ پاکستان کی مسلح افواج وزیرستان اور مختلف قبائلی علاقوں میں ان دہشت گرد عناصر کے خلاف بھرپور جنگ کررہی ہیں اوروہاں دہشت گردوں کا قلع قمع کررہی ہیں لیکن وزیرستان میں آپریشن کے باعث یہ دہشت گرد صرف خیبرپختونخوا ہی میں نہیں بلکہ ملک بھرمیں پھیل گئے ہیں اورمختلف ناموں سے ملک کے مختلف شہروں میں پولیس،رینجرز،دیگرسیکیورٹی فورسزکے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کو بھی نشانہ بنارہے ہیں لیکن ہم اب بھی حقائق سے انکار کررہے ہیں۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ ان دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب کا دائرہ وزیرستان سے بڑھاکر ملک بھر میں پھیلایا جائے اور معصوم عوام کے خون سے ہولی کھیلنے والے دہشتگردوں کا پورے ملک سے قلع قمع کیا جائے۔الطاف حسین نے شہدا کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کااظہارکیااور زخمیوںکی جلدصحتیابی کیلیے دعا کی۔

انھوں نے اسپتالوں میں خون کی کمی درپیش ہے عوام سے خون کے عطیات دینے کی اپیل بھی کی۔دریں اثناالطاف حسین نے اقوام متحدہ کی جانب سے صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث افرادکااستثنیٰ ختم کرنے کیلیے 2 نومبر کومنائے جانے والے عالمی دن کاخیر مقدم کرتے ہوئے اسے صحافی برادری کے تحفظ کیلیے اہم اقدام قرار دیاہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان میں بھی مختلف علاقے حق گو صحافیوں کیلیے نوگوایریازکی حیثیت رکھتے ہیں اورملک کے ان شورش زدہ علاقوں میں کئی انتہا پسند اور دہشتگرد گروپوں کی جانب سے صحافتی فرائض کی ادائیگی کے دوران صحافیوں کے اغوا،ان پر تشدد اورقتل سمیت جرائم کے دیگر واقعات آئے روز رونما ہوتے رہتے ہیں لیکن اس صورتحال میں صحافیوں کومؤثر تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا، اس حوالے سے اقوام متحدہ کی جانب سے منایاجانے والادن صحافی برادری کے تحفظ کیلیے اہم اقدام ثابت ہوگا،جدید دور میں عوام کو موجودہ صورتحال سے آگاہ رکھنے میں صحافیوںکااہم کردارناقابل فراموش ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں