پٹرولیم مصنوعات اور سبزیاں سستی مہنگائی کی شرح ایک ہفتے میں 089 فیصد گھٹ گئی

آلو13، پٹرول 10، ٹماٹر 8، ہائی اسپیڈ ڈیزل7، مٹی کا تیل 5.5، پیاز 4.7، ایل پی جی 2 اور چینی کے نرخ 1 فیصد کم


Business Desk December 06, 2014
8 اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات زائل، سب سے زیادہ ریلیف 35 ہزارسے زائد ماہانہ کمانے والوں کو 1.1 فیصد ملا، انفلیشن ریٹ سال بہ سال 0.38 فیصد نیچے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

ملک میں پٹرولیم مصنوعات اور سبزیوں کی قیمتوں میں کمی کے باعث گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح گرگئی۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 4 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر افراط زر کی شرح ہفتہ وار بنیادوں پر 0.89 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 0.38 فیصد کم ہو گئی، اس دوران8 ہزار اور 12 ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.67 فیصد، 18 ہزار تک کمانے والوں کے لیے 0.72 فیصد، 35 ہزار روپے ماہانہ آمدن والوں کے لیے 0.83 فیصد اور 35 ہزار سے زائد ماہانہ کمانے والوں کے لیے افراط زر کی شرح میں 1.10 فیصد کمی ہوئی۔

گزشتہ ہفتے صرف 8 اشیا کی قیمتیں بڑھیں تاہم 18 اشیا کے نرخ نسبتاً زیادہ کم ہونے کی وجہ سے 8 اشیا کے نرخ معمولی بڑھنے کے اثرات زائل ہوگئے، گزشتہ ہفتے اوسط ہوٹل میں پکی دال کی ایک پلیٹ کی قیمت 1.39 فیصد بڑھ گئی جبکہ دال مسور 1.10 فیصد مہنگی ہوئی، دال چنا، اوسط ہوٹل میں پکے ہوئے گائے کے گوشت کی پلیٹ، دال مونگ، سرخ مرچ پاؤڈر، جلانے کی لکڑی اور زندہ فارمی مرغی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا جبکہ آلو 12.78 فیصد، پٹرول 10.22 فیصد، ٹماٹر8.39 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل 7.07 فیصد، مٹی کا تیل 5.47 فیصد، پیاز 4.69 فیصد، ایل پی جی 2.14 فیصد اور چینی 1.01 فیصد سستی ہوگئی۔

اس کے علاوہ گھی، گڑ، انڈے، آٹے، دال ماش، پکانے کے تیل، باسمتی ٹوٹا چاول، سرسوں کے تیل، گندم اور کیلے کی قیمتوں میں بھی کمی آئی، اس کے علاوہ 27 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں