حارث سہیل نے حفیظ کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

نیٹ میں مسلسل بولنگ کا ثمر ملا اور کوچز و کپتان نے بہترپرفارم کرنے کا حوصلہ دیا، آل راؤنڈر


Numainda Khususi December 10, 2014
خوش ہوں کہ میری کارکردگی ٹیم کے کام آگئی، حارث سہیل، فوٹو : فائل

آل راؤنڈر حارث سہیل نے محمد حفیظ کےلئے خطرے کی گھنٹی بجادی اور نوجوان کرکٹرکا کہنا ہے کہ نیٹ میں مسلسل بولنگ کا ثمر مل گیا، کوچز اور کپتان نے بہتر پرفارم کرنے کا حوصلہ دیا، ٹیم کے کام آنے پر خوش ہوں۔

پاکستان کو محمد حفیظ کا ریڈی میڈ متبادل آل راؤنڈر میسر آگیا ہے، رنز دینے میں کنجوس شمار ہونیوالے تجربہ کار پلیئرکا بولنگ ایکشن آئی سی سی کے تحت بائیومکینک تجزیے میں غیر قانونی قرار دیا گیا ہے، بولنگ سے معطل کیے جانے کے بعد قوی امکان تھا کہ میزبان ٹیم 3 پیسرز محمد عرفان، وہاب ریاض اور عمرگل کیساتھ اسپنر ذوالفقار بابر کی خدمات سے فائدہ اٹھائے گی، مگر اضافی بیٹسمین کھلانے کیلئے سلو بولنگ کے شعبے کو حارث سہیل سے تقویت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

شاہد آفریدی کے ساتھ نوجوان بیٹسمین بھی ایک مکمل آل راؤنڈر کے روپ میں نظر آئے، لیفٹ آرم اسپنر کی پروفائل میں تو میڈیم پیسر لکھا ہے لیکن انھوں نے اچھی اسپن بولنگ کرتے ہوئے مسلسل 10 اوورز کا کوٹہ پورا کیا، حارث نے39رنز دیے لیکن کوئی وکٹ نہ حاصل کرسکے، حیرت کی بات یہ ہے کہ وہ اس سے قبل کبھی مستند بولر کے روپ میں سامنے نہیں آئے، انھوں نے کیریئر کے 57 فرسٹ کلاس میچز میں بھی صرف 11 اوورز اور 2 گیندیں ہی کی ہیں، میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ وقار یونس، بولنگ میں انکے معاون مشتاق احمد اور مصباح الحق نے دہرے کردار کیلئے تیار کرتے ہوئے اعتماد دیا، بطور اسپنر بھی پرفارم کرنے کے حوالے سے ان کی حوصلہ افزائی کے بعد نیٹ میں 2 سے 3گھنٹے تک پریکٹس کرتا رہا۔

خوش ہوں کہ میری کارکردگی ٹیم کے کام آگئی، انھوں نے کہا کہ بیٹنگ کے دوران شاہدآفریدی نے بھی بڑا سپورٹ کیا، کسی موقع پر اس دباؤ میں نہیں آنے دیاکہ انٹرنیشنل میچ میں کتنی اہم اننگز کھیل رہا ہوں، ایک سوال پر حارث سہیل نے کہا کہ مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرنا مشکل لیکن کچھ کردکھانے کا عزم اور سینئرز کی سپورٹ ہو تو مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں