اب اداکارہ نہیں ماں اور بیوی بھی ہوں ثناء

زیادہ وقت بچوں اور گھر کو دینے کے لیے شوبز سرگرمیاں محدود کرلی تھیں لیکن اب دوبارہ متحرک ہو جاؤں گی، اداکارہ ثناء


Cultural Reporter December 15, 2014
ٹی وی پروڈکشن کے حوالے سے بہت سے میگا پروجیکٹ ہیں البتہ اگر اچھی فلم آفر ہوئی تو ضرور کام کروں گی، ثنا۔ فوٹو: فائل

فل ٹائم ماں اور پارٹ ٹائم اداکارہ ہوں، زیادہ وقت بچوں اور گھر کو دینے کے لیے شوبز سرگرمیاں محدود کرلیں۔

ان خیالات کا اظہار لالی ووڈ اسٹار اداکارہ ثنانے ''ایکسپریس'' کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ اداکارہ ثناء نے کہا کہ ماں ہونے کی حیثیت سے میری ذمے داری ہے کہ اپنے بچوں کی بہتر دیکھ بھال کروں کیونکہ اب میرا سب کچھ وہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میرے شوہر فخر امام جنھیں شوبز سرگرمیوں میں حصہ لینے پر کوئی اعتراض نہیں ہے ، جب میری کراچی میں مصروفیات بڑھ گئیں تو انھوں نے ہی مجھے لاہور سے یہاں شفٹ ہونے کے لیے کہا۔ میں اب ایک اداکارہ نہیں بلکہ ماں اور بیوی بھی ہوں ان دوہری ذمے داریوں کا مجھے اچھی طرح احساس ہے۔

دو ماہ قبل اللہ تعالی نے مجھے ایک اور بیٹا دیا ہے جس کی وجہ سے شوبز سرگرمیوں سے عارضی کنارہ کشی اختیار کی ہوئی تھی مگر اب جلد دوبارہ متحرک ہوجاؤں گی۔ اس کے لیے میں باقاعدگی سے ایکسرسائز کرکے اپنی فٹنس بحال کر رہی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ ثناء نے کہا کہ ایک روز تو شادی کرنا ہی تھی اور مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ فخر امام کی صورت میں ایک اچھا جیون ساتھی ملا اور میں خوش وخرم ازدواجی زندگی گزار رہی ہوں۔

انھوں نے کہا کہ حالانکہ ہمارے ہاں اداکارہ کی شادی کو اس کے کیرئیر کے لیے اچھا نہیں سمجھا جاتا مگر میں اب بھی بطور اداکارہ کام کر رہی ہوں ۔ بالی ووڈ میں بھی ایشوریا رائے، کاجل، ودیا بالن، مادھوری ڈکشت، جوہی چاولہ کی مثالیں موجود ہیں جو شادی کے بعد کامیاب اداکارہ کے طور پر کام کر رہی ہیں۔

اس وقت تو ٹی وی پروڈکشن کے حوالے سے میرے پاس بہت سے میگا پروجیکٹ ہیں البتہ اگر اچھی فلم آفر ہوئی تو اس میں بھی ضرور کام کروں گی۔ نئے لوگ اچھی فلمیں بنارہے ہیں اور جس طرح سے وہ محنت کر رہے ہیں ان کو دیکھتے ہوئے امید کی جاسکتی ہے کہ وہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو دوبارہ سے اپنے پاؤں پر کھڑے کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں