گلشن اقبال میں ڈاکوؤں نے بنگلے سے50لاکھ کے زیورات اور سامان لوٹ لیا

ڈاکوؤں نےقومی ایئرلائن کےافسرکےاہلخانہ کو ڈیڑھ گھنٹےتک یرغمال بنائےرکھا جب کہ پولیس کو واقعےکی اطلاع صبح موصول ہوئی۔


Sajid Rauf December 21, 2014
بنگلہ میں داخل ہونے والے ڈاکوؤں کی تعداد 3 سے 4 تھی جس میں سے 3 ڈاکو بنگلے میں داخل ہوئے جبکہ ایک ڈاکو بنگلے کے باہر موجود رہا، ایس ایچ او گلشن اقبال فوٹو: فائل

گلشن اقبال میں ڈاکو بنگلے سے 50 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات ، نقدی ، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے ۔

ڈاکوئوں نے مذکورہ بنگلے میں ڈکیتی سے قبل ایک اور بنگلے میں بھی داخل ہونے کی کوشش کی تاہم کامیاب نہ ہو سکے ، ڈاکوؤں نے قومی ایئر لائن کے افسر کے اہلخانہ کو ڈیڑھ گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا ، پولیس کو واقعے کی اطلاع صبح موصول ہوئی ، پولیس نے کرائم سین یونٹ کی مدد سے دونوں بنگلوں سے ڈاکوؤں کے فنگر پرنٹس اور دیگر شواہد جمع کر لیے ، تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال علاقے بلاک 13/D-2 میں واقع مبشرحسین ولد ملک اشفاق نامی شخص کے بنگلے نمبر A-80 میں ڈاکو باتھ روم کے روشن دان کی جالی کاٹ کر داخل ہوئے تاہم باتھ رو م کا دروازہ اندر سے بند ہونے کے باعث ڈاکوؤں نے کھڑ کی کے ذریعے بنگلے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم کھڑکی بند اورلوہے کی گرل لگی ہونے پر ڈاکوؤں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا بعدازاں ڈاکوؤں کا گروہ مذکورہ بنگلے کو چھوڑ کر قریب ہی واقع بنگلہ نمبر A-75 کی دیوار کود کر داخل ہوئے۔

بنگلے میں لکڑی کے 2دروازوں کو توڑ کر اندر داخل ہوگئے،سوئے ہوئے مکینوں کے سروں پر پہنچ کر انھیں یرغمال بنانے کے بعد ایک کمرے میں بند کردیا،تمام کمروں اور الماریوں کی انتہائی اطمینان سے تلاشی لینے کے بعد مجموعی طور پر بنگلے سے50 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات کے علاوہ26 ہزار روپے،5قیمتی موبائل فونز اوردیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے،گلشن اقبال پولیس کو واقعے کی اطلاع اگلے روز ہوئی جس پر ایس ایچ او شوکت رضا مذکورہ بنگلے پر پہنچے اور تمام معلومات حاصل کرنے کے بعد فوری طور پر کرائم سین انویسٹی ایسٹ زون ون کے انچارج طارق جدون کو ٹیم کے دیگر ممبران کے ہمراہ طلب کرلیا ، کرائم سین یونٹ نے دونوں بنگلوں کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد بنگلوں میں موجود ڈاکوؤں کے 7 فنگر پرنٹ اور دیگر شواہد جمع کر لیے ، طارق جدون کا کہنا تھا کہ بنگلوں سے اٹھائے جانے والے فنگر پرنٹس نادرا کو بھجوائے جائیں گے اور اگر ڈاکوئوں نے اپنا شناختی کارڈ بنوایا ہوگا تو فوری طور پر ان کے نام اور ان کے پتے معلوم ہو جائیں گے ۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر کرائم سین یونٹ کو بروقت اطلاع دی جائے تو کرائم سین یونٹ زیادہ سے زیادہ شواہد جمع کر کے انویسٹی گیشن افسران کو فراہم کرسکتا ہے جو تفتیش میں آگے چل کر معاون ثابت ہوسکتے ہیں،ایس ایچ او گلشن اقبال شوکت رضا نے ایکسپریس کو بتایا کہ مذکورہ بنگلہ قومی ایئر لائن کے افسر کی ملکیت ہے اور ڈاکوؤں کی تعداد 3 سے 4 تھی جس میں سے 3 ڈاکو بنگلے میں داخل ہوئے جبکہ ایک ڈاکو بنگلے کے باہر موجود رہا ، انھوں نے بتایا کہ ڈاکو بنگلے میں رات ڈھائی بجے داخل ہوئے اور تقریباً 4 بجے واردات مکمل کر کے فرار ہوگئے ، انھوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے قومی ایئر لائن کے افسر اور اہلخانہ کو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک اسلحے کے روز پر یرغمال بنائے رکھا ، پولیس نے ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ نمبر 600/14 بجرم دفعہ 392 کے تحت کر کے تفتیش انویسٹی گیشن پولیس نے حوالے کر دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں