یکجہتی کشمیر سیمینار ایکسپریس پھر بازی لے گیا

یکجہتی کشمیر سیمینار میں قوم کی ترجمانی کی، مولانا فضل الرحمن


Reporting Team February 02, 2015
مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے پر جنرل راحیل کو بھی خراج تحسین، کشمیر ڈیسک بنانے کی تجویز۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

یکجہتی کشمیر سیمینار منعقد کرنے پر تمام شرکا نے ''ایکسپریس میڈیا گروپ کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی ایکسپریس میڈیا گروپ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی میں بازی لے گیا۔

سیمینار کا آغاز اتوار کی سہ پہر 3 بجکر15 منٹ پر تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ تلاوت کی سعادت مولانا لیاقت ترابی نے حاصل کی۔ سیمینار میں شریک مقررین کی آمد سے پہلے ہی ہال مہمانوں سے کھچا کھچ بھر چکا تھا۔ ایکسپریس کے ایڈیٹر فورم اجمل ستار ملک نے سیمینار کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ایکسپریس میڈیا گروپ ہرسال5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کشمیری عوام کیساتھ یکجہتی کیلئے سیمینار کا انعقاد کرتا ہے۔ امسال ہیپی لیک پینٹس کے اشتراک سے بزنس کمیونٹی بھی کشمیریوں کے اس کاز میں ان کیساتھ کھڑی نظر آتی ہے۔

جے یوآئی (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے کہا اس اہم وقت میں یکجہتی کشمیر سیمینار منعقد کرکے ایکسپریس میڈیا گروپ نے پوری قوم کی نمائندگی کی۔ صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب نے کہا میں ایکسپریس میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے کشمیر کے مسئلے پر آج ہم سب کواکٹھا کردیا۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ایکسپریس میڈیا گروپ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے بازی لے گیا ہے، اس قسم کے سیمینارز جاری رہنے چاہئیں۔

جے یوآئی(ف) آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کی آواز بھرپور انداز میں اٹھانے پر خصوصی طور پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتخانوں میں خصوصی کشمیر ڈیسک قائم کرنے کی بھی تجویز دی۔

انھوں نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ ٹی وی چینل24 گھنٹے میں 20 منٹ مسئلہ کشمیر کیلیے وقت کردیں تاکہ پوری دنیا میں موثرانداز میں مسئلے کو اجاگر کیا جائے۔ سیمینارکے دیگر شرکا نے بھی ایکسپریس میڈیا گروپ اور ہیپی لیک پینٹس کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور دوسرے اداروں کو بھی اس قسم کے پروگرامز ترتیب دینے چاہئیںکیونکہ ایسی تقریبات سے کشمیر کاز کو تقویت ملتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں