آئی سی سی نےاسپاٹ فکسنگ میں سلمان اورآصف کے اعترافی بیانات مسترد کردیئے

سزا یافتہ دونوں کرکٹرز نے پورے حقائق بیان کیے نہ معافی مانگی، آئی سی سی


سزا میں کمی کیلیے ان کا کیس زیر غور نہیں لایا جا سکتا، رونی فلینیگن۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث سلمان بٹ اور محمد آصف کے اعترافی بیانات مسترد کردیے۔

ذرائع کے مطابق اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ دونوں کرکٹرز نے پورے حقائق بیان کیے نہ معافی مانگی، سزا میں کمی کیلیے ان کا کیس زیر غور نہیں لایا جا سکتا۔ تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ میں ملوث محمد عامر پر عائد5 سالہ پابندی میں نرمی کرتے ہوئے آئی سی سی نے انھیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدی ہے۔

جمعے کو پریس کانفرنس میں اینٹی کرپشن یونٹ کے چیئرمین رونی فلینیگن نے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پیسر نے ابتدا میں ہی تعاون کرتے ہوئے اپنے جرم کا اعتراف کرنے کے بعد مکمل معلومات بھی فراہم کیں، ان کی ویڈیوز دوسروں کیلیے سبق کا ذریعہ بنیں، میں نے خود بھی پیسر کے انٹرویوز سے اندازہ لگایا کہ کسی سابق کرکٹر کے بجائے انٹرنیشنل میدانوں میں نظر آنے والا کھلاڑی زیادہ موثر انداز میں ساتھیوں کو کرپشن کے خطرات سے آگاہ کرسکتا ہے۔

دوسری جانب محمد عامر کی سزا میں نرمی کے بعد پی سی بی کی سلمان بٹ اور محمد آصف کی واپسی کیلیے کوششیں بے سود نظر آرہی ہیں،بورڈ کے رابطے پر آئی سی سی نے جواب دیاکہ دونوں کرکٹرز نے اپنے کیے کی معافی نہیں مانگی لہٰذا بحالی کا پروگرام شروع نہیں ہوسکتا، دونوں کرکٹرز نے پی سی بی کے سیکیورٹی انچارج کے سامنے پیش ہوکر اپنے بیانات ریکارڈ کرائے تھے جو آئی سی سی کو بھیجے گئے لیکن کونسل ان کے اعتراف سے مطمئن نہیں، اس نے غیررسمی طور پر پی سی بی کو یہ بتادیا کہ بیانات سچ پر مبنی نہیں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں