ڈھائی ہزار سے زائد مدارس کی سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات نہیں

نجی اسکولوں پرکریکر حملوں کےبعد دینی مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے والدین میں شدید خوف و ہراس پیدا ہوگیا ہے.


Nasiruddin February 08, 2015
ذرائع کے مطابق وفاق المدارس کا وفد جلد آئی جی سندھ سے ملاقات کرے گا جس میں مدارس کی سیکیورٹی کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی، فوٹو: فائل

کراچی کے ڈھائی ہزار سے زائد دینی مدارس کیلیے سیکیورٹی کے خاطرخواہ انتظامات نہیں، طلبہ و طالبات کے والدین میں سیکورٹی کے حوالے سے خدشات پائے جاتے ہیں،مدارس کی انتظامیہ نے حکومت سے سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں دینی مدارس کی تعداد ڈھائی ہزار سے زائد ہے ان مدارس میں لاکھوں طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں، کراچی میں نجی اسکولوں پر کریکر حملوں کے بعد دینی مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے والدین میں شدید خوف و ہراس پیدا ہوگیا ہے، حکومت نے کراچی کے ایک درجن سے زائد بڑے دینی مدارس کو سیکیورٹی فراہم کی ہے، باقی دینی مدارس سیکورٹی کے حوالے سے اپنی مدد آپ کے تحت چل رہے ہیں۔

بعض مدارس نے پرائیویٹ سیکیورٹی کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں، شہر کے بیشتر مدارس مساجد کے احاطے میں واقع ہیں، انتظامیہ نے شہر کے بعض علاقوں میں مدارس کو ایک دو پولیس اہلکار سیکیورٹی کیلیے دے رکھے ہیں، کراچی میں مدارس کے منتظمین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں تعلیمی اداروں پر بڑھتے ہوئے حملوں کے واقعات کے پیش نظر دینی مدارس کو بھی سیکیورٹی فراہم کی جائے اور دینی مدارس کے اطراف رینجرز و پولیس کے گشت کو بڑھایا جائے، مدارس کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ حکومت نے کراچی کے مدارس کی سیکیورٹی کیلیے خاطرخواہ انتظامات نہیں کیے ہیں،انھوں نے کہا کہ مدارس کی سیکیورٹی کیلیے سیکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے اور مدارس کی طرف جانے والے راستوں پر چیک پوسٹ بنائی جائیں اور رینجرز و پولیس کا گشت بڑھایا جائے۔

مدارس کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ پرائیویٹ سیکیورٹی کے اخراجات کو برداشت کرسکیں، واضح رہے کہ اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان سے رجسٹرڈ مدارس کی تعداد ملک بھر میں30 ہزار سے زائد ہے جن میں 40 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ملک بھر میں غیررجسٹرڈ مدارس کی تعداد بھی ہزاروں میں ہ،ے اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان پانچ تنظیمات پر مشتمل بورڈ ہے جس میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان، تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان، وفاق المدارس السفیہ ، رابطتہ المدارس الاسلامیہ پاکستان اور وفاق المدارس الشیعہ پاکستان شامل ہیں، اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان اور حکومت کے درمیان مدارس کی رجسٹریشن اور سیکورٹی کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، کراچی میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے رجسٹرڈ مدارس کی تعداد 1600 سے سے زائد ہے۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ذرائع کے مطابق وفاق المدارس کا وفد جلد آئی جی سندھ سے ملاقات کرے گا جس میں مدارس کی سیکیورٹی کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی، کراچی میں تنظیم المدارس اہلسنت، وفاق المدارس السلفیہ، رابطتہ المدارس الاسلامیہ پاکستان اور وفاق المدارس الشیعہ پاکستان سے رجسٹرڈ بھی سیکڑوں مدارس چل رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں