ریلوے میں جلد ہی انسداد دہشت گردی فورس قائم کی جائے گی

پہلے مرحلے میں ریلوے پولیس کے200سے زائد اہلکاروں کوعسکری ادارے دہشت گردی کیخلاف لڑنے کی تربیت دیں گے، ذرائع


Umair Ali Anjum February 16, 2015
پہلے مرحلے میں ریلوے پولیس کے200سے زائد اہلکاروں کوعسکری ادارے دہشت گردی کیخلاف لڑنے کی تربیت دیں گے، ذرائع۔ فوٹو: گیٹی امیجز/فائل

ISLAMABAD: پاکستان ریلوے میں انسداددہشت گردی فورس قائم کی جائے گی اور پہلے مرحلے میں ریلوے پولیس کے 200سے زائد اہلکاروں کوعسکری ادارے دہشت گردی کے خلاف لڑنے کی تربیت دیں گے۔

انسداددہشت گردی فورس کے قیام کے لیے وزارت ریلوے میں مشاورت کاعمل جاری ہے جلداس فورس کے قیام کی منظوری دی جائے گی، ریلوے کے ذرائع نے بتایاکہ ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات خصوصاً بلوچستان میں ریلوے تنصیبات پر حملوں کے بعد وزارت ریلوے نے ریلوے پولیس میں انسداددہشت گردی فورس کے یونٹ کوقائم کرنے پرمشاورت شروع کردی ہے، یہ فورس کوئیک رسپانس کے طورپرکام کریگی فورس میں 500اہلکاروں کو تعینات کیاجائے گایہ اہلکار ریلوے پولیس سے لئے جائینگے ان اہلکاروں کومرحلہ وارعسکری ادارے تربیت دیں گے اس فورس کو جدیدہتھیاراورآلات بھی فراہم کیے جائیں گے۔

اس ٹریننگ میں سب سے اہم نقطہ یہ ہوگاکہ اگرچلتی ہوئی ٹرین میں دہشت گردکوئی کارروائی کرے تواہلکارمقابلہ کس اندازمیں کر ے گا، ریلوے فورس کے لیے تیارکیے جانے والے 200اہلکاروں کی تربیت مکمل ہونے کے بعد300اہلکاروں کومرحلہ وارٹریننگ دلائی جائے گی، فورس کو بلوچستان کے علاوہ ملک کے دیگرحصوں میں ریلوے کی اہم تنصیبات کی سیکیورٹی پربھی تعینات کیاجائے گا، وزارت ریلوے اس فورس کے قیام کے لیے مشاورت کررہی ہے جلد منظوری کے بعدیہ فورس قائم کردی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق کوشش کی جارہی ہے کہ اس فورس میں ریلوے پولیس کے ان اہلکاروں کوشامل کیاجائے جن کی حالیہ نئی بھرتیاں ہوئی ہیں، اگرضرورت محسوس کی گئی تو نئی بھرتیاں بھی کی جاسکتی ہیں، اس فورس کودہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے ساتھ بم ڈسپوزل کی ٹریننگ بھی دی جائے گی، واضح رہے فورس کراچی، لاہور، راولپنڈی، اور کوئٹہ ڈویژن میں تعینات کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں