پولیس میں تعینات 260 دفتری عملے کو اپنے محکموں میں بھیج دیا گیا

عملے میں پریس ڈپارٹمنٹ کے13ملازمین ،اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کے5ملازم ،محکمہ سماجی بہبود کے 48 ملازمین شامل


Raheel Salman February 17, 2015
سرکاری احکام موصول ہوتے ہی کلرکس اپنا تبادلہ رکوانے کے لیے سرگرم ہوگئے، کلرکس اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے تبادلہ نہیں ہونے دیتے تھے۔ فوٹو: فائل

SUKKUR: سندھ پولیس میں دوسرے محکموں سے آئے ہوئے برسوں سے تعینات طاقتور ترین کلرک مافیا کو ان کے اصل محکموں میں واپس بھیجتے ہوئے 260 دفتری عملے (منسٹریل اسٹاف) کے تبادلے کے احکام جاری کردیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے آئینی درخواست 89/2011 کا فیصلہ کرتے ہوئے 12 جون 2013 کو خلاف ضابطہ ترقیاں غیر قانونی قرار دی تھیں اور حکم دیا تھا کہ ہر محکمے میں تعینات ڈپوٹیشن پر دوسرے محکموں سے آئے ہوئے ملازمین کو واپس ان کے اصل محکموں میں بھیجا جائے۔

سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل میں فوری طور پر سندھ پولیس کی آپریشنل فورس میں تبادلے شروع ہوگئے تھے اور بڑے پیمانے پر ملازمین کو واپس بھیج دیا گیا لیکن دفتروں میں تعینات کلرک مافیا نے اس دوران نہ صرف اپنے آپ کو بچائے رکھا بلکہ اپنے خلاف ہونے والے ہر حکم کو بھی رکوالیا کرتے تھے، بالآخر محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈی نیشن نے سندھ پولیس کو 15 جنوری کو لیٹر نمبر SOIII(SGA&CD)POL-7-43/2014 کے ذریعے آخری تنبیہ دیتے ہوئے حکم دیا کہ سندھ پولیس میں موجود دیگر محکموں کے کلریکل اسٹاف کو واپس ان کے اصل محکموں میں فوری طور پر بھیج دیا جائے۔

حکم نامہ ملتے ہی سندھ پولیس کے حکام حرکت میں آگئے اور سندھ بھر میں تعینات عملے کی فہرستیں مرتب کی گئیں جس کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے 260 افراد کے تبادلے کے احکام جاری کردیے، تبادلہ کیے جانے والوں میں اسٹینو گرافر، جونیئر کلرک، سینئر کلرک، قاصد، نائب قاصد، اسسٹنٹ، انسٹرکٹر اسٹینو، انسٹرکٹر ایجوکیشن، ووڈ انسٹرکٹر، ٹائپنگ انسٹرکٹر، چوکیدار اور دیگر دفتری عملہ شامل ہے، ان میں سندھ گورنمنٹ پرنٹنگ پریس ڈپارٹمنٹ کے 13 ملازمین، سندھ اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کے 5 ملازمین، محکمہ سماجی بہبود کے 48 ملازمین، بیورو آف سپلائی اینڈ پرائس ڈپارٹمنٹ کے 15 ملازمین اور محکمہ قانون کے 1994 میں ضم ہونے والے 179 ملازمین شامل ہیں۔

ان میں ایسے کلرک بھی شامل ہیں جوکہ انتہائی بااثر تھے اور اپنے خلاف ہونے والے کسی بھی حکم نامے کو رکوادیتے تھے، اس سے قبل آپریشنل فورس میں آئے ہوئے دیگر محکموں کے افسران و اہلکاروں کو واپس بھیجا جاچکا ہے، طاقتور کلرک مافیا نے آپریشنل فورس میں تو فوری تبادلے کردیے لیکن اپنے آپ کو بچائے رکھا، ذرائع نے بتایا کہ محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈی نیشن کی مہلت ختم ہونے کے بعد جب تبادلوں کے احکام جاری کردیے گئے تو کلرک مافیا نے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے احکام رکوانے کے لیے بھاگ دوڑ شروع کردی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں