ملک ریاض کا کراچی میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کا منصوبہ

بحریہ ٹاؤن اور کے الیکٹرک کے درمیان معاہدے سے سے کراچی کے شہریوں کو بلاتعطل اوریقینی بجلی کی فراہمی میں مدد ملے گی۔


Express Desk March 08, 2015
بحریہ ٹاؤن کے وائس چیف ایگزیکٹو زین ملک اور کے الیکٹرک کے طیب ترین معاہدوں پر دستخط کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض حسین کی جانب سے کراچی کو دنیا کے صف اول کے شہروں میں شامل کرنے کے عہد پرایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

جس کے تحت کراچی میں بجلی کی صورتحال کے پیش نظرہفتے کوبحریہ ٹاؤن اور کے الیکٹرک نے اربوں روپے کے منصوبے میں اشتراک کے معاہدوں پردستخط کیے ہیں، بحریہ ٹاؤن پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے وائس چیف ایگزیکٹو زین ملک جبکہ کے الیکٹرک کی جانب سے چیف ایگزیکٹو طیب ترین نے ان تاریخی معاہدوں پردستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت بحریہ ٹاؤن اور کے الیکٹرک آئندہ 3-4 سال کے دوران اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرکے کوئلے اور یا ایل این جی سے بجلی کی پیداوار کے مختلف پروجیکٹس پر کام کریں گے اور اس کے ساتھ ساتھ بجلی کی تقسیم کے لیے جدید ٹیکنالوجی بھی متعارف کرائی جائے گی تاکہ دوران منتقلی بجلی کے زیاں کو کم کرکے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے، دونوں فریقین نے کراچی کی بہتری کے عہد کودہرایا۔

اس موقع پر چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض حسین، چیئرمین کے الیکٹرک تابش گوہراور چیف ایگزیکٹو بحریہ ٹاؤن احمد علی ریاض ملک بھی موجود تھے، معاہدوں کامقصد کراچی کی بہتری کے لیے مشترکہ تعاون کا فروغ ہے، ان معاہدوں کی روسے کراچی کے شہریوں کو بلاتعطل اوریقینی بجلی کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر ملک ریاض حسین نے کراچی میں بجلی کی فراہمی کے حوالے سے کے الیکٹرک کی کاوشوں کو سراہا انھوں نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن پرعزم ہے کہ وہ کراچی کو دنیا کے عظیم ترین شہروں میں شامل کرنے کے لیے اپنا عملی کردارادا کرتا رہے گا، کراچی میں بحریہ ٹاؤن منصوبوں سے لاکھوں افراد کوبہترین روزگاراورمنافع بخش کاروبار کے مواقع میسر آرہے ہیں، مجھے رب العزت پر یقین ہے کہ بحریہ ٹاؤن میں 8 لاکھ نمازیوں کی گنجائش کے ساتھ گرینڈ جامع مسجد، گالف کورس، تھیم پارک، نائٹ سفاری، یونیورسٹی، اسپتال، شاپنگ مال جیسی خوشگوار تبدیلیوں سے کراچی میں معاشی اور معاشرتی انقلاب آئے گا اورلاکھوں لوگوں کو روزگارمہیا ہونے کی بدولت یقینا لااینڈ آرڈر کی صورتحال بھی بہترہوگی۔

ملک ریاض کا کہنا تھا کہ صرف 8 ماہ کی قلیل مدت میں بحریہ ٹاؤن کراچی میں قبضے کا آغازہمارے وعدوں کی پاسداری کا عملی ثبوت ہے، کے الیکٹرک سے ہمارے معاہدوں کا مقصدکراچی کے باسیوں کی مجموعی طور پربجلی کی ضرورت کا مستقل، جامع اورپائیدار حل نکالنے کی جانب پیش رفت کرنا ہے۔ میراعہد انشا اللہ کراچی کو ایک نئی آب و تاب سے دنیا کے نقشے پراجاگر کرنا ہے تاکہ سب کو اپنے پیارے وطن پاکستان پر فخر ہو۔بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض نے کہا کہ ان اربوں روپوں کے منصوبوں سے کراچی کے عوام کے لیے کوئلے اور ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے کے پلانٹ لگائیں گے اور کراچی بحریہ ٹاؤن میں 24گھنٹے بجلی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں