سنجیدہ ڈراموں سے زیادہ سٹ کام مقبول ہیں

ٹی وی کے معروف اداکار وپروڈیوسر نبیل کی ایکسپریس سے بات چیت


Pervaiz Mazhar October 08, 2012
’’ ہنی مون‘‘ ڈرامے میں پیش کی جانے والی اب تک کی تمام کہانیاں بے حد دلچسپ اور کامیاب رہیں ہیں۔ فوٹو: فائل

ٹی وی انڈسٹری میں ڈراموں کی بہتات نے اب ناظرین میں بھی شعور پیدا کردیا ' وہ اب ان ڈراموں کو دیکھنا زیادہ پسند کرتے ہیںجو اچھے اور معیاری ہوں۔

ان میں بامقصد بات کی گئی ہو،یا اس میں تفریح کا عنصر نمایاں ہو، یہی وجہ ہے کہ آج بیشتر ٹی وی چینل سے ان ڈراموں کو سب سے زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے' جو ان کے چہروں پر مسکراہٹ لے آئے،نجی چینل پر پیش کیا جانے والا سٹ کام ''بلبلے'' اس بات کا ثبوت ہے' جس نے اس قدر مقبولیت حاصل کی کہ آج دوسال کے بچے سے لیکر عمر رسیدہ تک کے لوگ بھی اس سٹ کام سے لطف اندوز ہوتے ہیں،ایسے ہی بے شمار ڈراموں میں کامیاب کردار ادا کرنے والے ٹی وی کے نامور اداکار نبیل کے ''ایکسپریس انٹرٹینمنٹ'' کے لیے دو بے حد دلچسپ اور تفریحی سے بھر پور سٹ کام''ہنی مون'' اور'' شادی کا لڈو'' آن ائیر ہیں ... '' ہنی مون'' میں پیش کی جانے والی اب تک کی تمام کہانیاں بے حد دلچسپ اور کامیاب رہیں' اس سیریز میں مرکزی کردار نبیل 'جویریہ عباسی، شہناز پرویز، دردانہ بٹ ادا کر رہے ہیں جبکہ سیریز میں بہت سے نامور فنکار بھی ہر نئی قسط میں کردار ادا کرتے ہے نظر آرہے ہیں اسی طرح سٹ کام'' شادی کا لڈو'' بھی اپنے اندر دلچسپی لے ہوئے ہے ۔

اس سٹ کام میں ہر ہفتہ ایک نئے کہانی پیش کی جاتی ہے 'جس میں معروف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں ۔ نبیل کی پروڈکشن ادارے کے تحت دیگر چینلز سے بھی ان دنوں متعدد سٹ کام پیش کی جارہی ہیں، اداکار نبیل کا اصل نام ندیم ظفر ہے' سینئر پی ٹی وی پروڈیوسر یاور حیات نے ان کا نام نبیل تجویز کیا... لاہور سے کوئٹہ کا سفر کرنے والے نبیل نے کاظم پاشا کی ڈرامہ سیریل ''کوشش'' سے اپنے فنی زندگی کا آغاز کیا،1990میں اقبال انصاری کی ڈرامہ سیریل ''عجائب خانہ'' بھی ان کی کامیاب سیریل تھی' لیکن ان کو شہرت ڈرامہ سیریل'' دھواں'' سے ملی جو کوئٹہ میں بنائی گئی، ''دن'' ،''دلدل''، ''قصہ سات راتوں کا'' اور ایسے ہی بے شمار ڈراموں میں انہوں نے کردار ادا کیا،1998میں نبیل کراچی منتقل ہوگئے۔

کراچی میں انہوں نے کئی یاد گار ڈرامے کیے، انہوں نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ٹی وی انڈسٹری کی تیزی سے ترقی میں پروڈکشن ہائوسسز کا بڑا اہم کردار ہے۔ وہاں نئے لوگوں کو سامنے لانے میںبھی بہت کام ہوا اور آج ہمارے ملک میںبہت سے اچھے لکھنے والے سامنے آئے ہیں' نئے ڈائریکٹر بہت باصلاحیت ہیں اور وہ نئے دور کی مناسبت سے کام کرنا جانتے ہیں ،انھوں نے کہا میں نے ہمیشہ ایسے کردار کا انتخاب کیا 'جو منفرد اور مختلف ہوں معیاری کام کرنے کو ہمیشہ ترجیح دی، تقریبا تمام چینلز پر کام کیا،ہمارے سامنے اب بہت سے چیلنج ہیں اور ہمیں اپنے ڈرامے کے معیار کو بہتر بنانے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا آج کے دور میں سنجیدہ ڈراموں سے زیادہ تفریح ڈراموں کی ضرورت ہے کیونکہ ڈپریشن کے اس دور میں لوگ تفریح چاہتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ سٹ کام کو زیادہ پسند کیا جارہا ہے اور ان کی مقبولیت میں اضافٖہ ہوا ہے ' میں نے جب اپنے پروڈکشن ادارے کی بنیاد رکھی تو میرے پاس اتنا سرمایہ نہیں تھا کہ کوئی بڑے بجٹ کی سیریل بنا سکوں، میں نے ایک چھوٹی سی ٹیم کے ساتھ کام شروع کیا ،سٹ کام ''بلبلے'' میرا پہلا سٹ کام تھا جس نے اس قدر مقبولیت حاصل کی کہ آج دوسال کے بچے سے لیکر خواتین،عمررسیدہ شخص تک اسے بے حد شوق سے دیکھتے ہے اس کا ٹائٹل سونگ بچوں میں سب سے زیادہ مقبول ہے 'اس کے کرداروں کے نام بچوں کو یاد ہیں'سٹ کام کی اب تک 200سے زیادہ اقساط سامنے آچکی ہیں،اس میں 50سے زائد فنکار کام کرچکے ہیں جبکہ سٹ کام'' لو کے لیے'' بھی بے حد پسند کیا گیا۔

نبیل نے کہا کوئی بھی کام محنت اور لگن سے کیا جائے اس میں ضرور کامیابی ملتی ہے ہماری کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے،نبیل نے کہا ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کے چینل سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں،ایکسپریس نے بہت کم عرصہ میں تیزی سے مقبولیت حاصل کی اور آج اس ادارے کا پاکستان کے صف اول کے انٹرٹینمنٹ چینلز میں ہوتا ہے، ایکسپریس نے اپنی بہترین پروگرامنگ کی وجہ سے جو شہرت حاصل کی ہے یہ بہت بڑی بات ہے مجھے امید ہے کہ مستقبل میں بھی یہ چینل پاکستان کا ایک معیاری اورعمدہ چینل کا اعزاز برقرار رکھے گا'اس چینلز سے لوگوں کو بہترین پروگرام دیکھنے کو ملیں گے،نبیل کا کہنا ہے کہ آج کے دور میں اچھے اور معیاری ڈراموں کی وجہ سے ہی کامیابی مل سکتی ہے کیونکہ پاکستان میں ٹی وی انڈسٹری میں بہت اچھا کام ہورہا ہے جس کی وجہ سے اب پوری دنیا میں ہمارا ڈرامہ دیکھا اور پسند کیا جارہا ہے اور ہمیںاس معیار کو برقرا رکھنے کے لیے مزید محنت اور لگن سے کام کرنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں