متحدہ کے زیر اہتمام امن واک کراچی کے شہریوں نے دہشت گردوں کو مسترد کردیا فاروق ستار

آج تاریخی دن ہے، امن واک کے شرکا نے الطاف حسین کی اپیل پر یگانگت اور بھائی چارے کی مثال قائم کر دی ہے،سینیٹرمصطفی کمال


Express Desk October 08, 2012
اہالیان کراچی کی جانب سے نکالی گئی امن واک میں فاروق ستار اور دیگر قومی پرچم لہرا رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین کی ہدایت پرپاکستان خصوصاً کراچی میں قیام امن،بھائی چارگی اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ اور انتہاپسندی و،فرقہ وارانہ دہشت گردی کے خاتمے کیلیے اہلیان کراچی نے اتوارکو ''امن واک''کیا۔

''امن واک ''سہ پہر3 بجکر 45منٹ پر جہانگیر کوٹھاری باغ ابن قاسم سے شروع ہواجوشاہراہ کلفٹن سے ہوتاہواتین تلوار کلفٹن پراختتام پذیرہوا۔ ''امن واک''میں حق پرست عوامی نمائندے،سیاسی و مذہبی رہنمائوں، فلاحی وسماجی انجمنوںکے عہدیداران، اکابرین شہر،دانشور،ادیب، پروفیسرز، اساتذا، شعرا، کالم نگار،اینکرپرسنز،صحافی،سول سوسائٹی،ڈاکٹرز، انجینئرز، کھلاڑی،فنکار،صنعتکار،تاجر،مختلف مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے علمائے کرام،مختلف مذاہب ،قومیتوں اور برادریوں سے تعلق رکھنے والے عوام، مائوں، بہنوں،بزرگ اور بچوںکے علاوہ نوجوان طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔

اس موقع پرایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرووفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستارنے کہاکہ کراچی کی اکثریت امن پسنداورامن دوست ہے،امن واک کی عظیم الشان کامیابی امن پسندوں کی فتح اورامن دشمنوں کی شکست ہے،امن ہی کے ذریعے ترقی ہوگی،امن واک میں ہزاروں کی تعدادمیں شرکت کرکے کراچی کے عوام نے جرائم مافیا،انتہاپسند دہشت گردوں کو واضح پیغام دیدیاہے،بھتہ مافیا کو مسترد کردیا ہے اور اغوابرائے تاوان کرنے والوںکوبے نقاب کردیاہے،آج ایک تاریخی دن ہے،کراچی کے شہریوں نے حکومت کوبھی پیغام دے دیاہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی یہ بتایا ہے کہ اگر کراچی میں پائیدار امن قائم کرنا ہے توامن قائم کرنے کے عمل میں شہریوں اور عوام کوبھی شامل کرنا ہوگا۔حق پرست سینیٹرسیدمصطفی کمال نے کہاکہ کراچی کا جوتاثر پورے ملک اور دنیامیں دیاجارہا تھا کہ یہاں پر مذہب ،مسلک ، ذات اور برادری کے نام پر ہرگھنٹے میں ٹارگٹ کلنگ ہورہی ہے،انسان انسان کو ماررہا ہے ، آج کراچی کے عوام نے اس تاثرکوغلط ثابت کردیاکہ کراچی میں انسان انسان سے ڈرتاہے،دہشت گردی میں ملوث لوگ مٹھی بھرہیں ان کیخلاف امن واک شرکا نے الطاف حسین کی اپیل پر یگانگت اور بھائی چارے کی آج مثال قائم کی ہے۔

اس امن واک میں وہ لوگ شامل ہے جو کسی جماعت سے تعلق نہیں رکھتے ہیں اورآج صرف امن کی خاطرباہر نکلیں ہیں، کراچی کے امن سے کھیلنے والے لوگ دراصل کراچی کو تباہ نہیں کرنا چاہتے بلکہ اس کے ذریعے پاکستان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔حق پرست رکن قومی اسمبلی خوش بخت شجاعت نے کہاکہ امن واک میں شرکت کرنیوالے نبی اکرم ﷺ کے ماننے والے ہیں جنھوں نے امن ، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیا ہے ، امن مارچ سے دنیا میں پیغام گیاہے کہ کراچی کا امن، پاکستان کا امن اور استحکام ہے اور کراچی کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں