نیب نے پنجاب میں جاری ترقیاتی اسکیموں کی تفصیلات طلب کرلیں

انسداد کرپشن اور شفافیت کیلیے 5کروڑ روپے سے زائد کے کاموں کی تفصیلات دینا ضروری ہے


Khalid Rasheed April 07, 2015
کرپشن، کمیشن مافیاز اور گھپلوں کی اطلاعات کے بعد تمام اضلاع کو مراسلہ جاری کیا گیا، ذرائع۔ فوٹو: فائل

HYDERABAD: ترقیاتی اسکیموں کے فنڈز میں کرپشن، کمیشن مافیاز اور گھپلوں کی اطلاعات کے بعد نیب حکام اور محکمہ اینٹی کرپشن نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں 5کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ترقیاتی اسکیموں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی ادارہ نیب کے پنجاب آفس میں تعینات سیکشن آفیسر کی جانب سے ایک مراسلہ 36 اضلاع میں تعینات ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز، محکمہ ہائی ویز اور محکمہ بلڈنگز پنجاب کے ذمے داروں کے نام ارسال کیا گیا ہے جس کی کاپی اطلاع کی غرض سے سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی آفس کو بھی بھجوائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مراسلہ میں قرار دیا گیا ہے کہ سرکاری اداروں سے کرپشن کے خاتمے اور جاری ترقیاتی کاموں میں شفافیت بروقرار رکھنے کی غرض سے ضروری ہے کہ مالی سال 2014-15 کے دوران پنجاب بھر میں ایسے ترقیاتی کام جن کی مالیت 5کروڑ یا اس سے زائد ہے ان کی تفصیلات نیب پنجاب کو ارسال کی جائیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اضلاع اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز تک کی تفصیلات پر مبنی رپورٹس ڈی سی اوزکی وساطت سے 8 یوم میں نیب پنجاب کو بھجوائی جانا ضروری ہے، معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ رپورٹس ترقیاتی کاموں میں کمیشن مافیا، کرپشن اور سیاسی بنیادوں پر نوازے گئے ٹھیکے داروں کو دیے گئے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات سامنے آنے پر طلب کی گئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔