’’فاسٹ اینڈ فیوریئس 7‘‘ آنجہانی پال واکر کی آخری نشانی

فلم کے اختتام پر ون ڈیزل اور ساتھی اداکروں کا پال واکر کو خراج تحسین ،شاید ہی کسی کی آنکھیں نم نہ کر پائے۔


نمرہ ملک April 08, 2015
میں یہ یقینی طور پر کہہ سکتی ہوں کہ صرف ایک بار فلم دیکھنے سے دل نہیں بھرے گا۔ فوٹو؛ فاسٹ اینڈ فیوریئس 7 فیس بک پیج

فاسٹ اینڈ فیوریئس سیریز کا آغاز 2001 میں ہوا تھا، جس کے بعد یہ سیریز دنیا بھر میں فلم بینوں کی اولین پسند بن گئی۔ اب تک اس کے 7 سیکیول آچکے ہیں۔ ایکشن، تھرلر، محبت و انتقام اور چوری ڈکیتی پر مبنی یہ سیریز غیر قانونی اسٹریٹ ریسنگ کے ارد گرد گھومتی ہے۔




فاسٹ اینڈ فیوریئس سیریز کا انتظار تو فلمی شائقین کو ہمیشہ سے ہی ہوتا ہے، لیکن اس با رفاسٹ اینڈ فیوریئس 7 کا انتظار بے صبری سے کررہے تھے کیونکہ 2013 میں آنجہانی اداکار پال واکر کی حادثاتی موت نے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو بیک وقت حیرانی، مایوسی اور افسردگی کی کیفیت سے دوچار کردیا تھا، اور سب کو انتظار تھا تو بس پال واکر کی فائنل رائڈ کا۔ جو انتظار 3 اپریل کو ختم ہوگیا۔



فوٹو؛ فاسٹ اینڈ فیوریئس 7 فیس بک پیج

فاسٹ اینڈ فیوریئس 7 کی ہدایت کاری جیمز وان نے کی ہے، اس کی تحریر کرس مورگن کی ہے، جبکہ فلم کی کاسٹ میں ون ڈیزل، پال واکر، جیسن اسٹیتھم، مشل روڈرگیز، جارڈانا بریوسٹر، ٹائیریس گبسن، لوڈکرس، ڈوین جانسن، کرٹ رسل، بھارتی اداکار علی فضل، پال واکر کے بھائی کیلب اور کودی و دیگر شامل ہیں۔

اسٹوری لائن

فلم کی کہانی وہیں سے شروع ہے جہاں پر فاسٹ اینڈ فیوریئس 6 کا اختتام ہوا تھا، جہاں ڈکارڈ شاء (جیسن اسٹیتھم) جو اسپتال میں اپنے چھوٹے بھائی اوین شاء کی حالت کو دیکھ کر بدلہ اور انتقام کی آگ میں جلتا ہے۔ وہ ڈوم ٹریوٹو(ون ڈیزل) اوراس کی ٹیم سے بدلہ لینے کے لئے ان کی معلومات پولیس اہلکار ہوبس (ڈوین جانسن) کے آفس کے کمپیوٹر سے لیتا ہے، وہاں اس کی ہوبس سے ہاتھا پائی ہوجاتی ہے، اسی لمحے ہوبس کی ساتھی ایلینا اسے بیک اپ دینے کے لئے آفس واپس آتی ہے۔ اسی اثنا میں ڈکارڈ شاء دونوں پر گرینیڈ پر حملہ کردیتا ہے، جس سے بچنے کے لئے ہوبس ایلینا کو لے کر کھڑکی سے کود پڑتا ہے، اور گاڑی پر جا گرتا ہے، جس کے بعد ایلنا اسے اسپتال لے جاتی ہے۔



فوٹو؛ فاسٹ اینڈ فیوریئس 7 فیس بک پیج

دوسری جانب برائن (پال واکر) اپنے بیٹے کے ساتھ ہنستا کھیلتا دکھائی دیتا ہے، اسی وقت ڈوم کو ایک کال آتی ہے جس کے بعد اُن کا گھر دھماکے کی نظر ہوجاتا ہے۔ جبکہ ٹوکیو میں ہان (سنگ کانگ) کو ڈکارڈ شاء مار دیا ہے۔ ڈوم ہوبس کو اسپتال ملنے جاتا ہے جہاں ہوبس اسے نئے دشمن کے بارے میں بتاتا ہے اور اسے تنبیہ کرتا ہے کہ وہ ملے تو اسے چھوڑنا مت۔



فوٹو؛ فاسٹ اینڈ فیوریئس 7 فیس بک پیج

انتقام کی اس کہانی میں نیا موڑ تب آتا ہے جب ڈوم اور ڈکارڈ آمنے سامنے ہوتے ہیں اور ان کی لڑائی کے دوران فرینک پیٹی (کرٹ رسل) اپنی ٹیم کے ساتھ مداخلت کرتا ہے۔ وہ ڈوم کو کہتا ہے کہ وہ ڈکارڈ کو روکنے اور مارنے میں اس کی مدد کرے گا، لیکن اس کے بدلے میں وہ جیکنڈے کی حراست سے ہیکر رمسی کو چھڑوانے میں اس کی مدد کرے گا، جس نے ''God's Eye'' سوفٹ وئیر سسٹم تخلیق کیا ہے جو کسی بھی ڈیجیٹل ڈیوائس کی مدد سے کسی بھی شخص کو ڈھونڈ سکتا ہے۔ بس یہی پوری فلم کا پلاٹ ہے۔



فوٹو؛ فاسٹ اینڈ فیوریئس 7 فیس بک پیج

فلم کی کہانی بے شک مختلف ہے،لیکن اس کا اختتام ہمیشہ کی طرح سب کو معلوم ہے کہ جیت ڈوم اور اس کی ٹیم کی ہونے ہے۔

مکالمہ بازی

ہالی ووڈ فلمیں مکالمہ بازی کا انسٹیٹوٹ ہیں۔ اگر کسی شخص یا فنکار کو مکالمہ بازی کے اسرار روموز سیکھنے ہوں تو اسے ہالی ووڈ کی فلموں سے سیکھنا چاہئیں، کیونکہ ڈائیلاگ فلم کی پہچان ہوتے ہیں جو رائٹر لکھتا ہے لیکن اگر فنکار اس کی ادائیگی پر دھیان نہ دے تو وہ صرف الفاظ بن کررہ جاتے ہیں۔ یہ فنکار ہوتا ہے جو ان میں جان ڈالتا ہے۔



فوٹو؛ فاسٹ اینڈ فیوریئس 7 فیس بک پیج

ویسے تو کیمرہ کے بہترین استعمال ہمیشہ ہی ہالی ووڈ فلموں کی جان رہا ہے، لیکن پال واکر کے کچھ سین جو ان کے بھائیوں نے ادا کئے اس پر کیمرہ کا استعمال قابل ذکر ہے کیونکہ بہت کم ہی ایسا لگا کہ واکر کی جگہ کوئی دوسرا فلم میں موجود ہے۔ فلم میں ایکشن ہمیشہ کی طرح کلاسک تھا۔ ایکشن سے بھرپور فلم میں چوپر سے گاڑیوں کو پیرا شوٹ کے ذریعے روڈ پر لینڈ کرانا اورگاڑی کو 3 بلڈنگ میں سے گزارنا، چودہ طبق روشن کردیتا ہے۔

فلم انٹرٹینمنٹ سے بھرپور ہے، ایکشن تھرلر، لوڈکرسں اور ٹائریس گبسن کے مزاح انگیز جملے بازی، گاڑیاں، میوزک اور سب سے اہم بات پال واکر کی آخری رائڈ تھی، جو ہمیشہ لوگوں کے دلوں دماغ پر چھائی رہے گی۔ فاسٹ اینڈ فیورس کا تصور پال واکر کے بغیر ناممکن ہے۔ میں یہ یقینی طور پر کہہ سکتی ہوں کہ صرف ایک بار فلم دیکھنے سے دل نہیں بھرے گا۔ لیکن اس کی وجہ بلکل فلم نہیں بلکہ پال واکر ہیں۔



فوٹو؛ فاسٹ اینڈ فیوریئس 7 فیس بک پیج

ساونڈ افیکٹ/ میوزک

ساونڈ افیکٹ اور میوزک کا بہترین استعمال کیا گیا ہے۔ فلم میں میوزک برائن ٹائلر نے دیا ہے، جو اس سے قبل پارٹ 3 ،4 اور 5 میں بھی میوزک دے چکے ہیں۔ فلم میں چار سائونڈ ٹریک شامل کئے گئے ہیں، جس میں سے فلم کے اختتامی سانگ ''See You Again'' دل کو چھو گیا ہے، جو ون ڈیزل اور پال واکر پر فلمایا گیا ہے۔ سانگ کا ہر لفظ واکر کی یاد تازہ کرگیا۔




سینماٹو گرافی

فاسٹ اینڈ فیوریئس کا سن کر ہمیشہ پال واکر اور ون ڈیزل کے اسکرین برومینس کا خیال آتا ہے لیکن وہ اس فلم میں نہ ہونے کے برابر تھا۔لیکن فلم میں جس کردار نے سب سے زیادہ مایوس کیا ہے وہ ڈکارڈ شاء کا کردار نبھانے والے جیسم اسٹیتھم نے کیا ہے،جو ولن کا کردار مضبوطی سے نبھاتے نظرنہیں آئے۔

لیکن فلم میں مثبت پہلو بھی بہت ہیں۔ دنیا کی بہترین گاڑیاں ہمیشہ ہی فاسٹ اینڈ فیوریئس کی جان رہی ہیں لیکن اس بار فلم میں جو گاڑی قابل دید تھی وہ لال Lykan HyperSport گاڑی تھی۔ دنیا میں اس ماڈل کی صرف 7 گاڑیاں ہیں، ایک گاڑی کی قیمت 2.3 ملین ڈالر ہے۔ اس کی ہیڈ لائٹ کوئی عام ہیڈ لائٹ نہیں ہے بلکہ سونے، ہیرے اور نیلم سے بنی ہوئی ہے اور شاید یہ پہلی بار ہے کہ متحدہ عرب امارات کی یہ تخلیق دنیا بھر میں لوگوں کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔



فوٹو؛ فاسٹ اینڈ فیوریئس 7 فیس بک پیج

ان تمام باتوں سے ہٹ کر ایک بات تو طے ہے کہ فاسٹ اینڈ فیورس 7 تا حیات اپنے حقیقی جذبات بھرے مکالموں سے یاد رہے گی۔ فلم کے اختتام پر ون ڈیزل اور ساتھی اداکاروں کا پال واکر کو خراج تحسین پیش کرنے والے سین شاید ہی کسی کی آنکھیں نم نہ کر پائے۔ فلم میں بہترین مکالموں کی کوئی کمی نہیں لیکن فلم کے اختتامی کلمات پوری فلم پر حاوی ہوگئے جو قابل ذکر ہیں۔

ون ڈیزل؛

''وہ وہاں ہیں جہاں سے وہ تھا اب چیزیں مختلف ہوں گی، الوداع کبھی نہیں ہوتا،''

پال واکر؛

''تمہیں لگا کہ تم بنا الوداع کہے چلے جاؤ گے۔''

ون ڈیزل؛

''اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ تم کہاں ہو، چاہے تم میلوں دور ہو، یا دنیا کے دوسرے کونے میں، زندگی کی سب سے اہم بات اس کمرے میں موجود مختلف جگہوں سے تعلق رکھنے والے لوگ ہیں جو آپ کے ساتھ ہیں، تم ہمیشہ میرے ساتھ رہو گے اور ہمیشہ میرے بھائی رہوگے۔''



فوٹو؛ فاسٹ اینڈ فیوریئس 7 فیس بک پیج

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے ریویو لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں