ٹاؤنز میں ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کے باوجود کچرا اٹھانے کا کام شروع نہ ہو سکا

شہرکی2200 کے لگ بھگ کچرا کنڈیوں میں سے بیشتر کچرے کے ڈھیر سے بھری ہوئی ہیں


Nasiruddin October 10, 2012
موسیٰ لین کی مرکزی شاہراہ پر کچرا جمع ہے، شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کچرے کو آگ لگاکر ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

MUZAFFARABAD: ٹائونز کی بحالی اور ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کے باوجود شہر میں صحت و صفائی کی صورتحال بہتر نہ ہوسکی۔

شہرکی کچرا کنڈیاں بدستور گندگی کے ڈھیر سے بھری ہوئی ہیں خصوصاً اولڈ سٹی ایریاز کی کچرا کنڈیاں کچرے اورگندگی سے بھرنے کے بعد کچرا سڑکوں، شاہراہوں اور شہریوں کے گھروں کے آگے جمع ہوگیا ،کچرے اورگندگی کی وجہ سے مختلف علاقوں میں سخت تعفن پھیل رہا ہے،مکھیوں اور مچھروں کی بہتات ہوگئی ہے، مہلک امراض پھوٹ پڑنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ، تفصیلات کے مطابق ٹائونز میں ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کے باوجود صحت و صفائی کی صورتحال بہتر نہیں ہوسکی، ایک جانب شہر میں صفائی مہم کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب شہر میں صحت و صفائی کی صورتحال انتہائی ناقص ہوگئی ہے اور شہرکی2200 کے لگ بھگ کچرا کنڈیوں میں سے بیشتر کچرے کے ڈھیر سے بھری ہوئی ہیں،کچرا کنڈیاں کچرے سے بھرنے کے بعد کچرا شاہراہوں، سڑکوں اور شہریوں کے گھروں کے آگے جمع ہوگیا ،اولڈ سٹی ایریاز میں صحت وصفائی کی صورتحال انتہائی ابتر ہوگئی، پاکستان چوک، حقانی چوک، محمد بن قاسم روڈ، رنچھوڑ لائن، اردو بازار، سندھ سیکریٹریٹ، ایمپریس مارکیٹ، لکی اسٹار، نارائن پورہ، جوبلی مارکیٹ، گارڈن مراد خان روڈ، کھارادر، ککری گرائونڈ، علی احمد تالپور روڈ صدر، لکی برج کینٹ، جناح آباد پرانا حاجی کیمپ، ٹمبر مارکیٹ و دیگر علاقوں میں کچرا کنڈیاں گذشتہ تین ہفتوں سے بھری ہوئی ہیں۔

کچرے اور گندگی کے ڈھیر ان کچرا کنڈیوں کے باہر پھیل گئے ہیں،شہر کے مرکزی علاقے محمد بن قاسم روڈ پر ایس ایم لا کالج کے سامنے کچرا کنڈی کے باہر کچرے کے ڈھیر سے اٹھنے والے تعفن کے باعث ایک جانب شہریوں کا اس سڑک سے گزرنا مشکل ہوگیا ہے تو دوسری جانب کالج کے طلبہ و طالبات کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے، پورے علاقے میں سخت تعفن پھیلا ہوا ہے اور مہلک امراض پھوٹ پڑنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، سندھ سیکریٹریٹ کے عقب میں واقع کچرا کنڈی بھرنے کے بعد کچرا سڑک پر پھیلنے سے سڑک بند ہوگئی ہے، پاکستان چوک پر پوسٹ آٖفس کے سامنے کچرا کنڈی اس قدر بھری ہوئی ہے کہ کچرا مکینوں کے گھروں تک پھیل گیا ہے۔

علاقے میں سخت تعفن پھیل رہا ہے اور مکھی مچھروں کی بہتات ہوگئی ہے، شہریوں نے شکایت کی ہے کہ شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی ناقص نظر آرہی ہے، شہریوں نے کہا ہے کہ ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کے بعد بھی شہر میں صحت و صفائی کی صورتحال بہتر نہیںہوئی جبکہ افسران صرف فوٹو سیشن میں مصروف دکھائی دیتے ہیں،واضح رہے کہ شہر میں کچرا کنڈیوں کی تعداد 2200 ہے صرف صدر ٹائون میںکچرا کنڈیوں کی تعداد 170 کے قریب ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں