رواں برس پاکستان کا تجارتی خسارہ 2 ارب 15 کروڑ ڈالرتک پہنچ گیا

جی ایس پی پلس کے باوجود پاکستانی برآمدات 9 ماہ میں 1 ارب 13 کروڑ ڈالر کم، 17 ارب 93 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہیں


Kamran Aziz April 15, 2015
خام تیل کی قیمتیں نیچے آئیں مگر درآمدی بل 1 ارب ڈالر بلند، مارچ کی تجارت میں بھی خسارہ 13.69فیصد بڑھ گیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس کا درجہ دیے جانے کے باوجود پاکستان کی برآمدات رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران 1 ارب 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کم ہوگئیں جبکہ خام تیل کی عالمی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود پاکستان کی درآمدات 1ارب 1کروڑ 80لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 2 ارب 15 کروڑ30 لاکھ ڈالر بڑھ گیا۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ (جولائی سے مارچ) کے دوران پاکستانی برآمدات 5.95 فیصد کی کمی سے 17ارب 93 کروڑ 70 لاکھ ڈالر، درآمدات 3.08 فیصد کے اضافے سے 34 ارب 5 کروڑ ڈالر اور تجارتی خسارہ 15.42 فیصد کے اضافے سے 16 ارب 11 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں برآمدات 19ارب 7کروڑ 20 لاکھ ڈالر، درآمدات 33 ارب 3کروڑ 20لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 13 ارب 96 کروڑ ڈالر رہا تھا۔ پی بی ایس کے مطابق پاکستان کا مارچ 2015 کی تجارت میں خسارہ 13.69 فیصد کے اضافے سے 1ارب 58کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا جس کی بڑی وجہ برآمدات میں کمی بنی۔

گزشتہ ماہ پاکستانی برآمدات کی مالیت 1 ارب 93 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہی جو مارچ 2014 میں2 ارب 23کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی تجارت سے 13.44 فیصد کم ہے، مارچ 2015 میں پاکستانی درآمدات 3.01 فیصد گھٹ کر 3ارب 51 کروڑ 80لاکھ ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ سال کے اسی ماہ میں درآمدات کی مالیت 3ارب 62 کروڑ 70 لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 1ارب 39 کروڑ 50لاکھ ڈالر رہا تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق فروری کے مقابلے میں گزشتہ ماہ برآمدات میں 2.55، درآمدات میں 5.14اور تجارتی خسارے میں 8.48 فیصد کا اضافہ ہوا، فروری میں برآمدات 1ارب 88 کروڑ 40 لاکھ، درآمدات 3 ارب 34 کروڑ 60 لاکھ اور تجارتی خسارہ 1 ارب 46 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں