چار ملکی ہاکی میں فتح سے محروم پاکستان کا آج کوریا سے مقابلہ

گرین شرٹس کو افتتاحی میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 6-0 جبکہ دوسرے میں آسٹریلیا اے کیخلاف 1-3سے شکست ہوئی۔


گرین شرٹس کو افتتاحی میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 6-0 جبکہ دوسرے میں آسٹریلیا اے کیخلاف 1-3سے شکست ہوئی۔ فوٹو :فائل

آسٹریلیا میں جاری چارملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں فتح سے محروم پاکستان کا منگل کوجنوبی کوریا سے مقابلہ ہوگا، دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی میچز ہار چکی ہیں، گرین شرٹس کپتان محمد عمران ناکامی یا فتح سے قطع نظر ٹیم کو اولمپک کوالیفائنگ رائونڈ کے لیے بہترین کمبی نیشن میں ڈھالنے کیلیے کوشاں ہیں، انھوں نے کہا کہ یہ ایک ٹریننگ ٹور ہے جس میں ہار جیت خاص معنی نہیں رکھتی، اصل ہدف اولمپک کوالیفائنگ رائونڈ ہے، قوم دیکھے گی کہ آسٹریلیا میں ناکامیوں کا سامنا کرنے والی یہی ٹیم بیلجیئم میں شیڈول ایونٹ میں کامیابیاں سمیٹے گی۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں جاری چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں اب تک فتح سے محروم پاکستان اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں منگل کو مدمقابل آئیں گی،گرین شرٹس کو افتتاحی میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 6-0 جبکہ دوسرے میں آسٹریلیا اے کیخلاف 1-3سے شکست ہوئی۔ منگل کا دوسرا میچ میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔ پاکستانی کپتان محمد عمران نے آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ سے نمائندہ ''ایکسپریس'' کے ساتھ خصوصی بات چیت میں کہا کہ4 ملکی ٹورنامنٹ کے دوران ہم مختلف کمبی نیشن آزما رہے ہیں، نئے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا بھر پور موقع فراہم کیا جا رہا ہے، اس لیے شکستوں پر تشویش کی کوئی بات نہیں ہے۔

قوم دیکھے گی کہ آسٹریلیا میں ناکامیوں کا سامنا کرنے والی یہی ٹیم بیلجیئم میں شیڈول اولمپک کوالیفائنگ رائونڈ میں کامیابی سمیٹ کر سبز ہلالی پرچم بلند کرے گی۔ محمد عمران نے کہا کہ آسٹریلیا عالمی چیمپئن ہونے کے ساتھ نمبر ون بھی ہے، نیوزی لینڈ کا عالمی رینکنگ میں ساتواںاور جنوبی کوریا کا آٹھواں نمبرہے، ہم دسویں نمبر پر ہیں، ایسے میں غیرمعمولی نتائج کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔انھوں نے کہا کہ تمام ٹیموں کا مقصد مستقبل کے ایونٹس کی تیاریاں ہیں، اس لیے ٹورنامنٹ کا کوئی فائنل بھی نہیں رکھا گیا، تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایکشن میں دکھائی دینے کے بعد اپنے وطن روانہ ہو جائیں گی۔ ایک سوال پر قومی کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا کا موسم خاصا سرد لیکن ہاکی کیلیے آئیڈیل ہے۔

البتہ ہم پاکستان کے گرم موسم سے ٹریننگ کر کے کینگروز کے دیس پہنچے جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر کچھ فرق پڑا۔انھوں نے کہا کہ دنیا کی بہترین ٹیموں کے ساتھ مقابلوں سے جہاں پلیئرزکے کھیل میں بہتری آئے گی وہیں ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ میں بھی قومی ٹیم عوامی امنگوں کے مطابق پرفارم کرنے میں کامیاب رہے گی۔ایک سوال پر قومی کپتان نے کہا آسٹریلیا کے خلاف دونوں میچوں میں نئے کھلاڑیوںکو بھرپور مواقع فراہم کیے گئے، میری رائے میں جونیئرز کو تجربہ حاصل کرنے کیلیے ابھی مزید وقت درکار ہے۔

انھوں نے کہا کہ کوریا سے میچ کیلیے کھلاڑیوں نے پیر کو اسٹیڈیم میں 2 گھنٹے تک سخت محنت کی،کوچز نے پلیئرز کو موثر دفاع اور اٹیک کی خصوصی ڈرلز کرانے کے بعد شام کے اوقات میں میٹنگز کا بھی اہتمام کیا، اس میں مینجمنٹ نے پلیئرز کی سابق میچزکی خامیوں کا بتایا، ساتھ ایونٹ کے اگلے میچز میں ان پر قابو پانے کے بارے میں مفید ٹپس بھی دیں۔انھوں نے کہا کہ منگل کو ٹیم مینجمنٹ کی پلیئرز کے ساتھ ایک اور میٹنگ ہوگی جس میں کوریا کیخلاف میچ کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی،محمد عمران نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی کوریا دونوں ٹیمیں ہم پلہ ہیں،کامیابی کے ففٹی ففٹی چانسز ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں