ریکارڈ حج درخواستوں سے حکومت کو 70 ارب روپے وصول

سرکاری حج اسکیم کاکوٹا 71ہزار تھالیکن بینکوں میں 2لاکھ 70ہزار سے زائدحج درخواستیں وصول ہوئی ہیں، ذرائع


Nasiruddin May 11, 2015
سرکاری حج اسکیم کاکوٹا 71ہزار تھالیکن بینکوں میں 2لاکھ 70ہزار سے زائدحج درخواستیں وصول ہوئی ہیں، ذرائع۔ فوٹو: فائل

سرکاری حج اسکیم کے تحت ریکارڈحج درخواستیں موصول ہوئیںہیں، سرکاری اکاؤنٹ میں 70ارب روپے جمع ہوگئے جس پرحکومت کو کروڑوں روپے منافع حاصل ہوگا، گروپ آرگنائزرز اور مختلف طبقہ فکرسے تعلق رکھنے والی شخصیات نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ قرعہ اندازی کے عمل کوشفاف بنایاجائے۔

ذرائع کے مطابق سرکاری حج اسکیم کاکوٹا 71ہزار تھالیکن بینکوں میں 2لاکھ 70ہزار سے زائدحج درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ کراچی، کوئٹہ اور سکھر سے حج اخراجات علاوہ قربانی 255971اور قربانی کے ساتھ 270181تھے جبکہ پشاور، اسلام آباد، لاہور، ملتان ، رحیم یارخان، فیصل آباد سے حج اخراجات علاوہ قربانی 264971 اور قربانی کے ساتھ 279181تھے۔ اس حساب سے حکومت کوموصول ہونے والی 2لاکھ 70 ہزار سے زائد درخواستوں کی رقم تقریباً 70ارب روپے بنتی ہے۔ اس رقم پرحکومت کوبینکوں سے صرف ایک ماہ میں 5کروڑ روپے سے زائد منافع حاصل ہوگا۔

مجلس درس پاکستان کے چیئرمین الحاج محمد سعید صابری نے ریکارڈدرخواستوں کی وصولی پرمسرت کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر حکومت حج اخراجات کم کردے تو حج درخواستیں ساڑھے3 سے 4لاکھ تک بھی جمع ہوسکتی ہیں۔ انھوںنے کہاکہ حج درخواستوں کی اتنی بڑی تعداد میں وصولی سے اندازہ ہوتاہے کہ لوگوں میں فریضہ حج کی ادائیگی کارجحان تیزی سے بڑھ رہاہے۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ حج قرعہ اندازی کے عمل کوشفاف بنایا جائے اور حجازمقدس میں عازمین حج کوتمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔

حج عمرہ وزیارات کمیٹی کے چیئرمین علامہ محمدعون نقوی نے بھی ریکارڈ حج درخواستوں کی وصولی کوخوش آئند قراردیا اورکہا کہ حج قرعہ اندازی کے عمل کوشفاف بنایا جائے اورعازمین حج کوتمام سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ابھی سے انتظامات شروع کر دیے جائیں۔ انھوں نے کہاکہ جولوگ گزشتہ سال فریضہ حج پرنہیں جاسکے تھے انھیں بھی بھجوانے کے لیے انتظامات کیے جائیں اوررہائش گاہیں حرم سے قریب حاصل کی جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔