کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے بھی مندی رہی

انڈیکس 491 پوائنٹس کی کمی سے 33039 پر آگیا، انویسٹرز کو 120ارب کا نقصان


آن لائن May 18, 2015
گزشتہ ہفتے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ 23 کروڑ 53 لاکھ 15ہزار حصص کا کاروبار ہوا فوٹو : آئی این پی/فائل

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے بھی مندی کے بادل چھائے رہے۔ کے ایس ای 100انڈیکس5بالائی حدوںسے نیچے گرگیا تاہم انڈیکس 33ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر برقرار دیکھا گیا۔

بازار حصص کی سرگرمیاں ماند پڑنے اور کاروباری اتار چڑھاؤ کے باعث گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سرمایہ کاروں کے120ارب سے زائد روپے ڈوب گئے جس کے باعث سرمائے کا مجموعی حجم 73کھرب روپے کی سطح سے گھٹ کر 71کھرب روپے رہ گیا۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی کریش ہو گئی اور 100 انڈیکس 1ہزار سے زائد پوائنٹس گھٹ گیا۔ ماہرین کے مطابق ایس ای سی پی کی جانب سے کمیٹی کے قیام کی افواہوں پر سرمایہ کاروں تذبذب کا شکار دیکھے گئے جبکہ ملک میں جاری سیاسی بے چینی اور ائندہ بجٹ میں کیپیٹل گین ٹیکس میں ڈھائی فیصد اضافے کی اطلاعات پر مارکیٹ کاروباری ہفتے کے 5روز میں سے 3دن مارکیٹ مندی سے دوچار رہی جس کے سبب کے ایس ای 100انڈیکس میں1024پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس دوران کے ایس ای 100انڈیکس سے مجموعی طور پر 1196.83پوائنٹس گر گئے تاہم آنے والی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں مزید کم ہونے کی امید اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں متحرک ہوجانے کے سبب اسٹاک مارکیٹ میں 2 دن تیزی کا رحجان رہا۔ اس دوران انڈیکس نے 705.73پوائنٹس ریکور کیے۔ گزشتہ پیر تا جمعہ ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس ایک موقع پر 33541.59 پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث سیاسی افق پر غیر یقینی صورتحال سے مارکیٹ میں منافع خوری کا عنصر غالب رہا اور فروخت کے دباؤ کے سبب انڈیکس بلند سطح کو برقرار نہ رکھ سکا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پیر تا جمعہ کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس میں 491.10 پوائنٹس کی کمی واقع ریکارڈ کی گئی جس سے کے ایس ای 100انڈیکس 33200،33300، 33400، 33500اور33100پوائنٹس کی 5بالائی حدوںسے نیچے گر گیا اورانڈیکس 33530.30پوائنٹس سے گھٹ کر 33039.79پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 534.06 پوائنٹس کی کمی سے 21045.79 پوائنٹس اور کے ایس ای ال شیئر انڈیکس 23541.55 پوائنٹس سے کم ہوکر23262.65پوائنٹس پر آگیا۔ کاروباری اتار چڑھاؤ کے باعث رونما ہونے والی مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1کھرب 20ارب 60 کروڑ 2 لاکھ 96 ہزار 410 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 73 کھرب 2 ارب 52 کروڑ 40لاکھ 76ہزار561روپے سے گھٹ کر 71 کھرب 81 ارب 92 کروڑ 37 لاکھ 80 ہزار 151 روپے رہ گیا۔

گزشتہ ہفتے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ 23 کروڑ 53 لاکھ 15ہزار حصص کا کاروبار ہوا اور ٹریڈنگ ویلیو12ارب روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین 15 کروڑ 46 لاکھ 26 ہزار حصص رہا اور اس دن ٹریڈنگ ویلیو8ارب روپے تک محدود دیکھا گیا۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے مجموعی طور پر 1701 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے 753 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 830میں کمی اور 118 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبارکے لحاظ سے کے الیکٹرک، بائیکو پیٹرولیم، پاک الیکٹرون، فوجی سیمنٹ، غنی اٹو موبائل، ٹی آر جی پاک جہانگیر صدیقی کمپنی اوربینک آف پنجاب سرفہرست رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں