ونیزویلا میں اسپیئرپارٹس گاڑیوں سے بھی مہنگے

اسپیئرپارٹس کی درآمد پر پابندی کے باعث ونیزویلا میں گاڑیوں کے اسپیئرپارٹس کی قیمتیں کئی گنا بڑھ گئی ہ


غزالہ عامر May 19, 2015
جوگے مونٹانو کے مطابق ان وارداتوں میں ڈاکوؤں کی ساتھی کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ فوٹو: فائل

دنیا میں تیل کے سب سے زیادہ ذخائر ونیزویلا میں پائے جاتے ہیں، اس کے باوجود اس کا شمارغریب ترین ممالک میں ہوتا ہے۔

سیال سونے کی دولت سے مالامال یہ ملک ہمیشہ سے معاشی مسائل کا شکار رہا ہے۔ ونیزویلا کی مشکلات کے پس پردہ مغربی طاقتوں بالخصوص امریکا کا ہاتھ ہے۔ لاطینی امریکا کا یہ ملک امریکا کو ایک آنکھ نہیں بھاتا۔ یہی وجہ ہے کہ تیل کے سب سے وسیع ذخائر ہونے کے باوجود یہ ملک اقتصادی بحران کی زد میں ہے۔ وہاں منہگائی آسمان کی بلندیوں کو چُھو رہی ہے اور اشیائے خورونوش سمیت ادویہ اور مشینری کی قلت پیدا ہوچکی ہے۔

بحرانی صورت حال کی وجہ سے حکومت صرف اشیائے خورونوش درآمد کررہی ہے۔ کسی بھی طرح کی مشینری منگوانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس پابندی کی وجہ سے ملک میں موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے فاضل پُرزوں کی قلت ہوگئی ہے۔ صورت حال اس حد تک خراب ہوچکی ہے کہ لوگ اسپیئر پارٹس کے حصول کے لیے انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں! جی ہاں، ونیزویلا کے کئی علاقوں میں موٹرسائیکل چھیننے اور اس دوران مزاحمت پر موٹرسائیکل سواروں کو قتل کردینے کی وارداتیں عام ہوچکی ہیں۔

ونیزویلا کی نیشنل سوشلسٹ فیڈریشن آف موٹربائیکرز کے رہنما جورگے مونٹانو کا کہنا ہے،'' جب سے حکومت نے اسپیئرپارٹس کی درآمد پر پابندی لگائی ہے، قصبوں اور شہروں کی سڑکوں پر موٹرسائیکل چھیننے کی وارداتوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ دوران واردات مزاحمت پر ڈاکو گولی چلانے میں تاخیر نہیں کرتے۔ اب تک کئی درجن موٹرسائیکل سوار ان وارداتوں کے دوران ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔''

جوگے مونٹانو کے مطابق ان وارداتوں میں ڈاکوؤں کی ساتھی کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ خوش لباس خواتین موٹرسائیکل سواروں سے لفٹ لیتی ہیںِ۔ پھر انھیں اس مقام پر لے جاتی ہیں جہاں ان کے ساتھی پہلے ہی موجود ہوتے ہیں۔ وہ موٹرسائیکل اور نقدی وغیرہ چھین لیتے ہیں اور مزاحمت پر گولی مارنے سے بھی نہیں چُوکتے۔ جوگے کے مطابق گذشتہ برس کے دوران اس کی آبائی ریاست، ورگاس میں سترہ نوجوان قتل کردیے گئے جنھوں نے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش پر مزاحمت کی تھی۔

اسپیئرپارٹس کی درآمد پر پابندی کے باعث ونیزویلا میں گاڑیوں کے اسپیئرپارٹس کی قیمتیں کئی گنا بڑھ گئی ہیں۔ سڑکوں پرچلتی پھرتی موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں ڈاکوؤں کے لیے پہلے سے زیادہ قیمتی ہوگئی ہیں۔ ونیزویلا کے ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق موٹرسائیکل کے اسپیئرپارٹس موٹرسائیکل سے زیادہ قیمت پر فروخت ہورہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں