حقوق نہ ملے تو سسٹم کو آگ لگا دیں  گے اور کاشغر روٹ گزرنے نہیں دیں گے پرویز خٹک

اقتصادی راہداری میں  خیبر پختونخوا کو ہر حال میں  شامل کرنا ہوگا، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا


Numainda Khususi May 24, 2015
حقیقی تبدیلی صوبہ خیبر پختونخوا میں نظر آرہی ہے دیگر صوبوں کے عوام ان تبدیلی سے محروم ہیں, پرویز خٹک فوٹو؛فائل

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اگر صوبے کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا تو ہم سارے سسٹم کو آگ لگا دیں گے اور اگر کاشغر گوادر روٹ میں خیبرپختون خوا کو شامل نہ کیا گیا تو یہ سڑک یہاں گزرنے ہی نہیں دیں گے۔

مردان میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی خیبر پختونخوا میں جلسوں پر پابندی کے خلاف پی ٹی آئی 4 دن پہلے الیکشن کمیشن سے رجوع کرچکی ہے، لیکن ہمیں مایوسی ہوئی ہے اور ابھی تک الیکشن کمیشن نے جواب نہیں دیا۔

https://img.express.pk/media/images/q89/q89.webp

صوبے کے حقوق کے لئے حکمران جماعتیں اور اپوزیشن جماعتوں کی اسلام آباد میں احتجاج کے دور رس نتائج مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں اگر صوبے کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا تو ہم سارے سسٹم کو آگ لگا دیں گے جب کہ کاشغر گوادر روٹ میں خیبرپختون خوا کو ہر حال میں شامل کرنا ہوگا اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم یہ سڑک یہاں گزرنے ہی نہیں دیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم گڈ گورننس کی طرف جارہے ہیں رائٹ ٹو انفارمیشن اور رائٹ ٹو سروسز جیسے قوانین بنائے، تھانوں میں سیاسی مداخلت ختم کی، آن لائن ایف آئی آر کا اجراء کیا گیا ہے اب کوئی غلط مقدمہ درج کرنے کی ہمت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ایم پی اے کیا وزیراعلیٰ تک کانسٹیبل کو تبدیل نہیں کرسکتا قوموں کی ترقی کا راز ان کے مضبوط اور مستحکم اداروں میں ہے اور تحریک انصاف اداروں کو مضبوط کرنے میں لگی ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ محکمہ تعلیم میں انقلابی تبدیلیاں لائی گئیں ہیں اور اب آن لائن حاضری بھی شروع کردی گئی ہے جب کہ غیر حاضری پر 5 ہزار افسران اور اساتذہ کے خلاف تادیبی کاروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں 25 ہزار اساتذہ کی کمی ہے اور پہلے مرحلے میں 10 ہزار اساتذہ کو بھرتی کیا گیا ہے اور اسی دور حکومت میں صوبے میں اساتذہ کی کمی کو پورا کردیں گے۔ تمام بھرتیاں میرٹ اور این ٹی ایس کے ذریعے ہورہی ہے۔

https://img.express.pk/media/images/q133/q133.webp

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ لوٹ مار کا دور گزر چکاہے تمام کام میرٹ پر ہورہے ہیں ترقی صرف عمارتوں اور سڑکوں کا نام نہیں بلکہ حقیقی تبدیلی یہ ہے کہ گڈ گورننس اور اداروں کو بااختیار بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حقیقی تبدیلی صوبہ خیبر پختونخوا میں نظر آرہی ہے دیگر صوبوں کے عوام ان تبدیلی سے محروم ہیں جہاں میرٹ کی بالادستی، اداروں کی شفافیت اور ایماندار افسران کی تعیناتی سے حقیقی تبدیلی محسوس کی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا کا یہ بھی کہنا تھا کہ حقیقی تبدیلی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے ممکن ہے جس کے لئے 35 ارب روپے مختص ہیں جو کہ بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے خرچ کئے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں