True North سُپر کمپیوٹر میں انسانی دماغ کی طرح کام کرنے والی چپ

پراسیسر کا سائز ڈاک ٹکٹ کے برابر ہے اور یہ ایک سُپرکمپیوٹر کا دماغ ثابت ہو گی۔


غزالہ عامر June 04, 2015
اس چِپ کو کمپیوٹرز کی نئی جنریشن کہا جارہا ہے۔ فوٹو: فائل

انسانی دماغ کے معلومات کے تبادلے اور سیکھنے کی صلاحیت پر تحقیق کے بعد سائنس دانوں نے ایک ایسی پراسیسر چِپ تیار کی ہے، جو اسی طرز پر کام کرے گی۔

اس کا سائز ڈاک ٹکٹ کے برابر ہے اور یہ ایک سُپرکمپیوٹر کا دماغ ثابت ہو گی۔ سائنس دانوں نے اِسے'نیوروسائنیپٹک' کا نام دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پراسیسر چِِپ کمپیوٹنگ کے حوالے سے نئے امکانات کے دَر کھولے گی۔ اس چِپ کی تیاری میں معروف کمپیوٹر ساز ادارے آئی بی ایم اور کورنل ٹیک کے علاوہ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے ماہرین نے مدد کی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس چِپ پر مشتمل کمپیوٹرز 'کوگنیٹیو' کہلائیں گے۔ یہ موجودہ کمپیوٹرز کی طرح تمام کام انجام دیں گے، لیکن ان سے کئی گنا زیادہ 'ذہین' ہوں گے۔ یہ فقط حساب کتاب اور دی گئی ہدایت پر متحرک نہیں ہوں گے بلکہ ان میں مختلف چیزوں کے درمیان تعلق تلاش کرنے، اشیا کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات اکٹھا رکھنے کی قابلیت بھی ہو گی۔ یہ مختلف ڈیٹا اور پروسیسنگ کے نتائج سے سیکھیں گے اور کوئی مفروضہ بھی قائم کر سکیں گے۔ ایسی مصنوعی قابلیت سے موجودہ کمپیوٹرز محروم ہیں۔ کمپیوٹنگ سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ اس چِپ کو دماغ کے حصّے 'سیریبرل کورٹیکس' کے کام کرنے کے طریقۂ کار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔ دماغ کا یہ حصّہ جسم میں کمانڈ سینٹر کی حیثیت رکھتا ہے۔

حجم کے اعتبار سے ڈاک ٹکٹ کے برابر یہ چِپ 4,096 کورز اور 5.4 بلین ٹرانسسٹرز پر مشتمل ہے۔ اسے سائنس دانوں نے ٹرُو نارتھ کے نام سے بھی پکارا ہے۔ اس چِپ میں انتہائی جدید سرکٹس کے ذریعے انسانی دماغ کی تبادلۂ معلومات کی صلاحیت اور دماغی افعال پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

اتنی طاقت وَر ہونے کے باوجود یہ پراسیسر چِپ بہت کم بجلی استعمال کرے گی۔ یہ محض اتنی ہی بیٹری پاور خرچ کرے گی جتنی بہرے افراد کو سماعت میں مدد دینے والا آلہ کرتا ہے۔ اس چِپ میں ڈیجیٹل سرکٹس کے ذریعے ایسے 'کمپیوٹنگ کور' یا علاقے ترتیب دیے گئے ہیں جو بغیر کسی سافٹ ویئر کے پراسیسنگ، رابطوں اور ڈیٹا کو ذخیرہ کرنے کے کام انجام دیتے ہیں۔ اس کا کمپیوٹنگ نظام کسی پیچیدہ پروسیس کا مشاہدہ کرنے اور اسے اپنی ڈیجیٹل ذہانت کے استعمال سے چلانے کا اہل بھی ہو گا۔ کمپیوٹر ٹیکنالوجی کی اصطلاح میں کسی پیچیدگی کو ریئل ٹائم انوائرنمنٹس کہا جاتا ہے۔ اس چِپ کو کمپیوٹرز کی نئی جنریشن کہا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں