جاپان میں نارنجی رنگ کی گیندوں کا کمال

استعمال نہ ہونے کے باوجود ان گیندوں کی کیش کاؤنٹر پر موجودگی بھی لوٹ مار سے بچانے میں معاون ہوتی ہے، پبلک سیفٹی آفیسر


Nadeem Subhan June 09, 2015
نارنجی گیند یں چوروں اور لٹیروں کو پکڑنے میں معاون بھی ثابت ہورہی ہیں۔ فوٹو : فائل

اگر آپ کبھی جاپان گئے ہوں تو آپ نے وہاں دکانو ں اور سپراسٹورز میں کیشیئر کی میز پر نارنجی رنگ کی گیندیں رکھی ہوئی دیکھی ہوں گی۔ آپ شائد انھیں سجاوٹی گیندیں سمجھیں ہوں گے، مگر ان کا مقصد دکان کی تزئین و آرائش میں اضافہ کرنا نہیں ہے۔ آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ نارنجی گیندوں سے چوروں اور ڈاکوؤں کو پکڑنے میں مدد لی جاتی ہے!

شفاف پلاسٹک سے بنی ہوئی گیندیں مقامی زبان میں bohan yu kara boru کہلاتی ہیں۔ ان کے اندر چمک دار نارنجی مائع بھرا ہوتا ہے۔ کیش کاؤنٹر پر یہ مخصوص گیندیں رکھنے کا مقصد یہ ہے کہ واردات کرنے کے بعد جب چور یا ڈاکو فرار ہونے لگے تو دکان دار یا ملازم اسے bohan yu kara boru کھینچ مارے۔ گیند چور کے جسم سے ٹکرا کر پھٹ جائے گی اور نارنجی رنگ کا مادّہ اس کے کپڑوں پر پھیل جائے گا۔ یوں عام لوگ اور پولیس اہل کار سمجھ جائیں گے کہ یہ شخص لوٹ مار کرکے فرار ہورہا ہے، چناں چہ وہ اسے پکڑ لیں گے۔

بڑے اسٹورز کے ملازمین کو گیند کے استعمال کی باقاعدہ تربیت دی جاتی ہے۔ انھیں سمجھایا جاتا ہے کہ وہ گیند کو زمین پر چور لٹیروں کے پیروں کے قریب ماریں۔ اس طرح نارنجی رنگ کا مادّہ اُچھل کر نکلے گا اور ان کے جسم اور لباس پر کہیں نہ کہیں ضرور چپک جائے گا۔ اگر ڈاکو کے جسم پر گیند مارنے کا موقع نہ مل سکے تو پھر گیند اس کی کار یا موٹر سائیکل پر پھینکی جاسکتی ہے۔

تاہم ہر کیش کاؤنٹر پر موجودگی اور ملازمین کی تربیت کے باوجود نارنجی گیندوں کا استعمال نہ ہونے کے برابر ہے۔ جاپان کی نیشنل پولیس ایجنسی کے مطابق ڈکیتی کی صرف تین فی صد وارداتوں میں مالکان یا ملازمین نے یہ گیندیں استعمال کیں۔ ظاہر ہے جب آپ پر ایک ڈاکو پستول تانے کھڑا ہو تو اس صورت حال میں اس پر کوئی چیز پھینکنا اپنی موت کو دعوت دینے کے مترادف ہوگا۔

پبلک سیفٹی آفیسر اکی ہیرو سوا کا کہنا ہے کہ استعمال نہ ہونے کے باوجود ان گیندوں کی کیش کاؤنٹر پر موجودگی بھی لوٹ مار سے بچانے میں معاون ہوتی ہے۔ ان پر نظر پڑتے ہی ڈاکو اور لٹیرے اپنے ارادے سے باز آسکتے ہیں۔ اسی لیے پبلک سیفٹی اور پولیس نے بینکوں اور اسٹورز کے علاوہ عام دکان داروں کو بھی نارنجی گیندیں کیش کاؤنٹر پر رکھنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔

نارنجی گیند یں چوروں اور لٹیروں کو پکڑنے میں معاون بھی ثابت ہورہی ہیں۔ کچھ عرصہ قبل یوکوہاما کے علاقے میں پولیس نے ایک ڈاکو پکڑا جس کی گاڑی پر نارنجی رنگ کا مادّہ چپکا ہوا تھا۔ ڈاکو گاڑی چھوڑ کر فرار ہورہا تھا کہ پکڑا گیا۔ پولیس کے مطابق نارنجی گیندیں جرائم کی شرح نیچے لانے میں معاون ثابت ہوئی ہیں، اگرچہ یہ کمی بہت زیادہ نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں